اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپریم کورٹ میں اسلام آباد ہائیکورٹ ججز سنیارٹی کیس کی سماعت میں جسٹس نعیم افغان نے سوال کیا ٹرانسفر ججز کےلئے بنیادی اصول کیا اور کیسے طے کیا گیا، سپریم کورٹ میں ججز ٹرانسفر کیس کی سماعت جسٹس علی مظہر کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے کی جس دوران اٹارنی جنرل پاکستان نے دلائل دئیے،اٹارنی جنرل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا اسلام آباد ہائیکورٹ میں ٹرانسفرنگ ججز کی نئی تقرری نہیں ہوئی، ججز ٹرانسفر پر آئیں ہیں تو نئے حلف کی ضرورت نہیں، سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے سنیارٹی تقرری کے دن سے شروع ہوگی،اٹارنی جنرل نے کہا اسلام آباد ہائیکورٹ کی ججز کی سنیارٹی کا تعین اس وقت کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیا، جسٹس عامر فاروق سنیارٹی کے تعین میں مکمل آزاد تھے، 4 ہائیکورٹ چیف جسٹسز اوررجسٹرار کی رپورٹ میں ججز تبادلہ پرکوئی سوال نہیں اٹھایا گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ 5 ججز کی ریپریزنٹیشن پر جسٹس عامر فاروق نے فیصلہ دیا،جسٹس شکیل احمد نے سوال کیا سیکرٹری لاءنے ٹرانسفرنگ ججز کی حلف نہ اٹھانے کی وضاحت کیوں دی؟ اٹارنی جنرل نے کہا وضاحت اس لیے تھی کہ ایڈوائس کی منظوری کے بعد ججزکے نوٹیفکیشن میں ابہام نہ ہو،جسٹس علی مظہر نے کہا ججزکی ریپریزنٹیشن اورفیصلے پردرخواست گزاروکلاءنے دلائل میں ذکرتک نہیں کیا، جسٹس شکیل احمد نے کہا کسی نے ریپریزنٹیشن اور فیصلے کو پڑھا نہ ہی دلائل دئیے،اٹارنی جنرل نے کہا آئین میں آرٹیکل200 کے تحت ججز کی ٹرانسفر کی معیاد طے شدہ نہیں ہے، تبادلے والے ججز کےلئے وقت مقرر کرنا آئین میں نئے الفاظ شامل کرنے جیسا ہوگا، ججز ٹرانسفر کا پورا عمل عدلیہ نے کیا ایگزیکٹو کا کردار نہیں تھا،جسٹس نعیم افغان نے سوال کیا ٹرانسفر ججز کیلئے بنیادی اصول کیا اور کیسے طے کیا گیا؟ جسٹس ڈوگر کا لاہور ہائیکورٹ میں سنیارٹی لسٹ میں 15واں نمبر تھا، اسلام آباد ہائیکورٹ میں سینارٹی کیسے اور کس اصول کے تحت دی گئی؟اٹارنی جنرل نے کہا جب ایک جج ایڈیشنل جج کے طور پر حلف لیتاہے تو سنیارٹی شروع ہوجاتی ہے، ججزکتنا وقت اپنی ہائیکورٹس میں گزارچکے، ٹرانسفر کے بعد ان کی معیادبھی جھلکنی چاہیے، کس جج کی سنیارٹی کیا ہوگی، ہائیکورٹ نے طے کرنا ہوتی ہے،جسٹس شکیل احمد نے ریمارکس دئیے مستقل ججز کی تعیناتی تو جوڈیشل کمیشن کرتا ہے،کیا مستقل بنیادوں پرججز ٹرانسفر کرکے جوڈیشل کمیشن کے اختیار کو غیر موثر کیا جاسکتا ہے۔
ٹرانسفر ججز کیلئے بنیادی اصول کیا اور کیسے طے کیا گیا؟ سپریم کورٹ



















