میرعلی ڈرون حملے میں بھارتی سپانسرڈ فتنہ الخوارج ملوث ہیں،آئی ایس پی آر

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)آئی ایس پی آر نے کہاہے19 مئی کو میرعلی میں ہونےوالے مبینہ ڈرون حملے میں بھارتی سپانسرڈ فتنہ الخوارج ملوث ہیں،غیر انسانی کارروائی میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائےگا ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں 19مئی کو پیش آنےوالے افسوسناک واقعہ کے نتیجے میں بدقسمتی سے کچھ شہری جانوں کا ضیاع ہوا، واقعہ کے بعد بعض حلقوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز پر بے بنیاد ، گمراہ کن الزامات عائد کیے گئے، جھوٹ پر مبنی مہم کا مقصد سکیورٹی فورسز کی انسداد دہشتگردی کے جاری عزم کو بدنام کرنا ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا الزامات کے جواب میں فوری طور پر جامع تحقیقات کا آغاز کیا گیا،سفاکانہ کارروائی میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الخوارج ملوث ہیں، عناصر اپنے بھارتی آقاوں کے اشارے پر کام کرتے ہیں، فتنہ الخوارج شہری علاقوں ،نہتے عوام کو ڈھال بناکر دہشت گردی کر رہے ہیں،مقصد مقامی آبادی ، سکیورٹی فورسز کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنا ہے۔