راولپنڈی (بیورو رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے راولپنڈی کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے حالیہ پاکستان، بھارت کشیدگی کے دوران زخمی ہونے والے فوجی جوانوں اور شہریوں کی عیادت کی۔ اپنے دورے کے دوران، سپیکر قومی اسمبلی نے ملک کی سرحدوں کے دفاع میں مسلح افواج کی جرات، حوصلے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کی صلاحیتوں کو سراہا۔انہوں نے قوم کے محافظوں اور معصوم شہریوں کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جو انہوں نے بھارتی جارحیت کا بہادری سے سامنا کرتے ہوئے دیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے بھارتی فوج کے بلا اشتعال حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی جن کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت بے گناہ شہری شہید اور زخمی ہوئے۔ انہوں نے امن کے قیام کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور ملک کی خودمختاری کے دفاع کے حق کو اجاگر کیا۔ سپیکر نے زخمی فوجی جوانوں اور شہریوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور انہیں قوم کی طرف سے مکمل حمایت کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم اس مشکل وقت میں اپنی بہادر افواج اور ثابت قدم شہریوں کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے سی ایم ایچ راولپنڈی کے طبی عملے کی لگن اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔
پوری قوم مشکل وقت میں بہادر مسلح افواج کیساتھ کھڑی ہے: ایاز صادق



















