اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے آئندہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی ترجیح ہے،رائٹ سائزنگ کا عمل جاری رہے گا۔
شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی بجٹ کی تیاری کیلئے اہم اجلاس ہوا،نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے ممتاز کاروباری شخصیات اور ماہرین سے بجٹ پر مشاورت کی گئی۔
وزیراعظم نے کہا ملکی ترقی و خوشحالی کےلئے حکومت و نجی شعبے کو مل کر کام کرنا ہے، آئندہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینا ترجیح ہے، غریب و متوسط طبقے کی مالی مشکلات میں کمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
شہباز شریف نے وفاقی بجٹ کی تیاری میں برآمدات پر مبنی پائیدار ترقی پر توجہ مرکوز بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا صنعتوں کے فروغ ،پیداوار میں اضافے کےلئے منصوبوں پر کام کیا جائے،نوجوانوں کو پیشہ وارانہ تربیت دےکر عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ترجیح ہے، وفاقی بجٹ تیار کرتے ہوئے نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز ،زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، چھوٹے ،درمیانے درجے کے کاروباروں اور ہاوسنگ کے شعبوں پر بھرپور توجہ دی جائے کیونکہ تمام شعبوں میں بے حد استعداد موجود ہے۔
وزیراعظم نے کہاپاور سیکٹر میں حکومتی اصلاحات کے مثبت نتائج آرہے ہیں، صنعتوں کےلئے بجلی کی قیمتوں میں کمی حکومت کی صنعت و پیداوار کے فروغ کی جانب اہم اقدام ہے، حکومتی نظام کو شفاف بنانے، کاروباری برادری، سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے آٹومیشن اور ڈیجیٹایزیشن کو فروغ دیا جا رہا ہے،رائٹ سائزنگ کا عمل اگلے مالی سال میں بھی جاری رکھا جائے گا۔
دریں اثناشہباز شریف نے رواں مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں 31 فیصد کے ریکارڈ اضافے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہاجولائی2024 تا اپریل2025 کی مدت میں ترسیلات زر 31.2 ارب ڈالر کی بلندترین سطح پرپہنچ گئیں،ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی معاشی ترقی میں مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔
بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف ترجیح،رائٹ سائزنگ کا عمل جاری رہے گا،وزیراعظم



















