اسلام آباد (بیورو رپورٹ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے عالمی قوانین کے تحت پاکستان کو بھارتی جارحیت کاجواب دینے کا پورا حق حاصل ہے، بھارت پاکستان میں عام شہریوں اور معصوم بچوں کو نشانہ بنا رہا ہے، یہاں بھارت ہی جج، جیوری اور جلاد بنا ہوا ہے،عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے چیئرمین پی پی نے کہاکشمیر متنازعہ علاقہ ہے، تنازع بھارت اقوام متحدہ میں لے کر گیا، حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں امن ممکن نہیں، پاکستان گزشتہ دو ہفتوں سے بھارتی جارحیت کو برداشت کر رہا ہے، بھارت نے ایک کے بعد ایک جھوٹے الزامات بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر لگائے، پوری دنیا کو معلوم ہے آپ تب تک معصوم ہیں جب تک آپ گناہ گار ثابت نہیں ہوتے، مجھے الزام دیں لیکن ثبوت کے ساتھ اور کم از کم ٹرائل تو کریں، یہاں بھارت ہی جج، جیوری اور جلاد بنا ہوا ہے،بلاول بھٹو نے واضح کیا بھارت فوج کو ٹارگٹ نہیں کر رہا بلکہ عام شہریوں اور معصوم بچوں کو نشانہ بنا رہا ہے، بھارت نے پاکستان کی خودمختاری پر سوال اٹھایا ہے، زمین پر کوئی بھی آزاد اور خودمختار ریاست جنگی حالات میں جوابی کارروائی ہی کرے گی،کشمیر کا مقصد بہت زیادہ عظیم ہے، اس کیلئے کشمیری یا پاکستانی عوام کو دہشت گردی پر انحصار کرنے کی ضرورت نہیں، دہشت گردی صرف ایک خلفشار نہیں ہے بلکہ یہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کیلئے بھی نقصان دہ ہے، دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان تصادم انسانیت کیلئے نقصان دہ ہوگا۔
بھارت جج، جیوری اور جلاد بن گیا،جارحیت کاجواب دینے کا پورا حق حاصل ہے:بلاول بھٹو



















