سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی، پاکستان کا معاملہ اقوام متحدہ میں لیجانے کا اعلان
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف کے کوآرڈی نیٹر رانا احسان افضل نے کہا ہے پاکستان بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کو اقوام متحدہ لیکر جائے گا، پانی روکنا اتنا آسان کام نہیں اور یہ فوری بھی نہیں ہو سکتا، بھارت نے بے بنیاد اور جھوٹا پروپیگنڈا کرکے سندھ طاس معاہدے کو معطل کیا، معاملے کو اقوام متحدہ میں لے کر جائیں گے، دنیا بھر میں ہمارے بیانیے کو سپورٹ مل رہی ہے، ہماری سفارتی کوششیں جاری ہیں، بھارت نے انڈس واٹر ٹریٹی کی جب جب خلاف ورزیاں کیں، پاکستان متعلقہ فورم میں گیا، بھارت کے معاملے پر پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں پاک فوج کےساتھ کھڑی ہیں، یہ وقت نہیں ہم ایک دوسرے پر الزامات لگائیں، اچھا ہوتا پی ٹی آئی اجلاس میں شریک ہوتی، حکومت نے پی ٹی آئی کو اجلاس میں شرکت کیلئے دعوت دی تھی، جنھوں نے بریفنگ دینی تھی انھوں نے بھی پی ٹی آئی کو اجلاس میں شرکت کےلئے مدعو کیا تھا، وقت پاکستان کےلئے متحد ہونے کا ہے، مشیر وزیراعظم نے کہا اگر انڈیا کوئی مس ایڈونچر کرتا ہے تو منہ توڑ جواب دیا جائےگا، امید کرتے ہیں دنیا پانی کو بطور ہتھیاراستعمال نہیں ہونے دیگی۔



















