عمران خان کے بغیر سیاسی جماعتوں کو بریفنگ ادھوری ہے: پی ٹی آئی

پشاور (مشرق نیوز) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے رہنماوں کو دی جانے والی بریفنگ عمران خان کے بغیر ادھوری ہے، اس وقت عمران خان ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں۔

اپنے ایک بیان میں بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان کی مقبول ترین جماعت ہے، ملکی سلامتی کے کسی بھی اجلاس میں عمران خان کی شرکت وقت کی ضرورت ہے۔ عمران خان کو قومی فیصلوں میں شامل کرنا ناگزیر ہے، جعلی مقدمات ختم کر کے عمران خان کو مشاورت میں شامل کیا جائے۔

انکا کہنا تھا کہ ملک اس وقت اتحاد اور یگانگت کا متقاضی ہے، جعلی حکومت نے فسطائیت کے ذریعے قوم کو تقسیم کر رکھا ہے، جعلی مینڈیٹ والی حکومت قوم کو یکجا کرنے میں ناکام ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ قوم کو اکٹھا کرنے کیلئے عمران خان کی رہائی ضروری ہے، پی ٹی آئی کے خلاف فسطائی رویہ ترک کرنا ہوگا۔