لاہور ( کرائم رپورٹر سے)تھانہ کاہنہ کے علاقہ صوئے آصل میں غیرت کے نام پر افسوسناک دوہرے قتل کی واردات،ماں رخسانہ بی بی اور بیٹی رمشا کو بیدردی سے گلے کاٹ کر قتل کر دیا گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی ماڈل ٹاون اخلاق تارڑ کو موقع پر روانہ کیا۔ترجمان پولیس کے مطابق قتل کی یہ واردات سفاک بیٹوں علی حسن، علی زین اور یوسف نے انجام دی جنہوں نے اپنی ہی ماں اور بہن کو قتل کیا۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مقتولہ ماں بیٹی دو ماہ قبل گھر سے چلی گئی تھیں جس پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ گزشتہ روز دونوں گھر واپس آئیں تو سفاک ملزمان نے انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا۔وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی تاہم قاتل موقع سے فرار ہو چکے تھے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر ایس پی ماڈل ٹاون کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے صرف ایک گھنٹے کے اندر ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعہ کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کرنے کا حکم دیا تاکہ ملزمان کو قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔ فیصل کامران نے کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم ”ریڈ لائن“ ہیں، اور قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔فیصل کامران نے بروقت کارروائی پر ایس پی ماڈل ٹاون اخلاق تارڑ اور ان کی ٹیم کو شاباش دی گئی۔
غیرت کے نام پر ماں، بیٹی قتل،ملزمان باپ سمیت گرفتار



















