اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاحملے کے خطرات بڑھ رہے ہیں، بھارتی طاقت سے زیادہ سخت جواب دیں گے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہابھارتی حملے کو دیکھیں گے اگر خلاف ورزی ہوتی ہے تو ردعمل دینا ہے، کسی کو کچھ شک نہیں ہونا چاہیے، بھارت کو بھرپور جواب دیں گے،دوست ،پڑوسی ممالک اور خطے کی بڑی طاقتیں ثالثی کا کردار ادا کر رہی ہیں، دوست ممالک چاہتے ہیں جنگ کی صورتحال نہ بنے، دعاہے ممالک کی کوششوں سے بھارت کو کچھ عقل آجائے۔
وزیر دفاع نے کہا شہباز شریف نے واضح کیا معاملے کی بین الاقوامی سطح پر تحقیقات کرائی جائیں، عالمی تحقیقات کے مطالبے پر بھارت نے کوئی جواب نہیں دیا ،مطلب دال میں کچھ کالا ہے، بی جے پی حکومت کو جب بھی ووٹوں کی ضرورت ہوتی ہے پاکستان کو کسی نہ کسی مسئلے میں شامل کرتی ہے،پاکستان کی طرف سے جنگ کا آغاز نہیں ہوگا لیکن اگر جنگ مسلط کی تو بھرپور جواب دیں گے۔
بھارتی طاقت سے زیادہ سخت جواب دیاجائےگا،خواجہ آصف



















