اسلام آباد: (بیورورپورٹ)کسی بھی مہم جوئی کامنہ توڑ جواب دیں گے،سینٹ نے بھارتی جارحیت کےخلاف متفقہ قرارداد منظور کرلی۔
یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں سینٹ کا اجلاس ہوا ،نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی جانب سے بھارتی جارحیت کےخلاف پیش کی گئی ،قرارداد کو ایوان بالا نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا پاکستان کو پہلگام واقعہ سے جوڑنے کے الزامات مسترد کرتے ہیں، بھارتی حکومت بدنیتی پر مبنی مہم چلا رہی ہے، بھارت کو دوسرے ممالک بشمول پاکستان میں دہشتگردی پر قابل احتساب ٹھہرایا جائے، پاکستان کشمیر کی حمایت جاری رکھے گا۔
بعدازاں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہاسندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا بھارتی فیصلہ مسترد کرتے ہیں، پانی 24 کروڑ پاکستانی عوام کی لائف لائن ہے، کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا توماضی سے بھی تگڑا جواب ملے گا،پیشگوئیاں ہیں مستقبل کی جنگیں پانی پر ہوں گی،بھارتی اقدامات کے جواب میںبھارت کیلئے فضائی حدود،واہگہ بارڈر فوری بند ،سارک ویزا سکیم کے تحت پاکستان میں موجود بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹے میں ملک چھوڑنے ، دفاعی اتاشیوں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے 30 اپریل تک واپس جانے کا حکم دیدیا، اقدام جیسا کو تیسا والی بات ہے۔
اسحاق ڈار نے کہابھارت سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر ختم نہیں کر سکتا،پہلگام واقعہ کے بعد انتظار کر رہے تھے آگے کیا بات چلے گی، پاکستان کا براہ راست نام نہیں لیاگیا، کوئی شواہد نہیں پاکستان کو واقعہ سے لنک کیا جاتا،سندھ طاس معاہدے میں لکھا ہے ختم کرنا ہے تو اتفاق رائے سے ہوگا، قومی سلامتی کمیٹی کہہ چکی پانی بند کرنا جنگ کے مترادف ہو گا،بھارت خطے کے امن ،ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہاسیاسی طور پر سب ایک پیج پر ہیں، اپوزیشن لیڈر کا شکر گزار ہوں،پاکستان کی مسلح افواج مکمل طور پر تیار ہیں، کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا تو جواب ماضی سے بھی تگڑا ملے گا۔
قائد حزب اختلاف شبلی فراز نے کہا قرارداد سے دشمنوں کو مشترکہ پیغام گیا ،بھارت تاک میں رہا کیسے پاکستان کو نقصان پہنچایا جائے، ساڑھے 7 لاکھ فوج کی موجودگی میں پہلگام واقعہ بھارت کی قابلیت پر سوالیہ نشان اٹھاتا ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے پاکستان میری جان سے بھی زیادہ قیمتی ہے۔
سینیٹر شیری رحمن نے کہابھارت پاکستان کیخلاف آبی دہشتگردی کر رہا ہے، کسی قیمت پر سندھ طاس معاہدہ معطل نہیں ہونے دیں گے،بھارت نے پلوامہ میں خود کو ٹیسٹ کر لیا، پاکستان میں چائے بھی پی لی۔
ایمل ولی نے کہا بھارت کی حرکت شرمناک ہے، پاکستان کی سالمیت پر کسی کو سوال نہیں اٹھانے دیں گے، سندھ طاس معاہدہ معطل ہوا تو شملہ معاہدہ بھی نہیں رہے گا،اٹاری کے جواب میں واہگہ بارڈر بند کرنے کا فیصلہ ٹھیک ہے، جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں،دونوں ممالک کے پاس ایٹم بم ہے، بھارت میں عدم تشدد کے خواہشمند باہر آئیں امن کا پیغام دیں، پاکستان سے بھی امن کی بات ہونی چاہیے، میں خود بھارت، افغانستان، ایران اور چین سے بات کرنے کو تیار ہیں۔
دریں اثنا نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور بھارت کے یک طرفہ اقدامات کے تناظر میں قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا،اسحاق ڈار نے بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ایسے اقدامات خطے میں مزید کشیدگی کا باعث بن سکتے ہیں،کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور مو¿ثر جواب دیا جائے گا ،دونوں رہنماو¿ں نے خطے کی بدلتی صورت حال پر مشاورت اور رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
سینٹ،بھارت کیخلاف قرارداد منظور،کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا توماضی سے تگڑا جواب ملے گا، اسحاق ڈار



















