اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے ریمارکس دئیے زمین گرے یا آسمان پھٹے ،عدالت میں قانون سے ہٹ کر کچھ نہیں ہوگا۔
9مئی مقدمات میں صنم جاوید کی بریت فیصلے کےخلاف پنجاب حکومت کی اپیل پر سماعت ہوئی، عدالت نے ریمارکس دئیے اگر ناانصافی ہو رہی ہو تو آنکھیں بند نہیں کی جاسکتیں،پنجاب حکومت کے وکیل نے کہا صنم جاوید کے ریمانڈ کےخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر ہوئی ،عدالت نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے ملزمہ کو مقدمے سے بری کر دیا۔
جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دئیے ایسے کیسز میں پہلے ہی عدالت ہدایت دے چکی 4 ماہ میں فیصلہ کیا جائے اب مقدمہ کیوں چلایا جا رہا ہے؟اگر ناانصافی ہو تو عدالت آنکھیں بند نہیں رکھ سکتی حتیٰ کہ ہائیکورٹ کو اگر ایک خط بھی ملے تو اپنے اختیارات استعمال کر سکتی ہے،جسٹس صلاح الدین نے کہا کریمنل اپیل میں ہائیکورٹ کے پاس سوموٹو کے اختیارات بھی ہوتے ہیں،جسٹس اشتیاق ابراہیم نے پنجاب حکومت سے سوال کیاایک سال بعد یاد آیا ملزمہ نے جرم کیا ہے؟،شریک ملزم کے اعترافی بیان کی قانونی حیثیت کیا ہوتی ہے آپ کو بھی معلوم ہے، کیس میں جو کچھ ہے بس کچھ نہ ہی بولیں تو ٹھیک ہے،جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس میں کہا ہائی کورٹ کا جج اپنے فیصلے میں بہت آگے چلا گیا، جج نے غصے میں فیصلہ دیا، جج نے طنزیہ انداز میں کہا کل کو شاید میرا یا کسی اور کا نام بھی 9مئی مقدمات میں شامل کر دیں۔
عدالت نے مقدمے کی سماعت غیر معینہ مدت ملتوی کر دی،دریں اثنا جی ایچ کیو حملہ کیس میں شیخ رشید کی بریت کےخلاف پنجاب حکومت نے وقت مانگا ۔
جسٹس ہاشم کاکڑ نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا التوا مانگنا ہو تو آئندہ عدالت میں نہ آنا،التوا صرف جج، وکیل یا ملزم کے انتقال پر ہی دیا جا سکتا ہے، سپیشل پراسیکیوٹر نے اعترافی بیانات پیش کرنے کی اجازت مانگی توجسٹس کاکڑ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا خدا کا خوف کریں، شیخ رشید 50 بار ایم این اے بن چکا ،کہاں بھاگ جائے گا؟، زمین گرے یا آسمان پھٹے عدالت میں قانون سے ہٹ کر کچھ نہیں ہوگا،عدالت نے سماعت آئندہ ہفتے مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے پنجاب حکومت کو واضح پیغام دیا قانونی تقاضے مکمل کیے بغیر محض سیاسی نوعیت کے دلائل قابل قبول نہیں ہوں گے۔
زمین گرے یا آسمان پھٹے ،عدالت میں قانون سے ہٹ کر کچھ نہیں ہوگا:سپریم کورٹ



















