یحییٰ آفریدی کادورہ غیر ملکی ، جسٹس منصور قائم مقام چیف جسٹس ہوں گے

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)چیف جسٹس یحییٰ آفریدی 22 سے 26اپریل تک اعلیٰ عدالتی وفد کےساتھ غیر ملکی دورے پر جائیںگے،جسٹس منصور علی شاہ قائم مقام چیف جسٹس ہوں گے۔

اعلامیے کے مطابق وفد ایس سی او ممبر ممالک کے چیف جسٹسز کی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا،جسٹس امین الدین خان، جسٹس شاہد وحید، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گوادر ظفر جان اور سینئر سول جج لکی مروت نادیہ گل وزیر بھی ساتھ جائیں گے،دورے کے دوران سپریم کورٹ آف پاکستان اور سپریم کورٹ آف چین کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی متوقع ہیں،چیف جسٹس کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر اپنے ایرانی ہم منصب سے بھی ملاقات کریں گے۔

کانفرنس کے بعد چیف جسٹس یحییٰ آفریدی ترکیہ جائیں گے،آئینی عدالت کی 63ویںسالگرہ تقریبات میں شرکت کریں گے،سینئر ترین جج 21اپریل کو قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھائیں گے، جسٹس منیب اختر قائم مقام چیف جسٹس منصور علی شاہ سے حلف لیں گے۔