ڈانس پارٹی کے ملزموں کی ویڈیوز وائرل کرنے پر ڈی پی او قصور عدالت طلب

لاہور :( کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ نے قصور میں ڈانس پارٹی کے ملزمان کی ویڈیوز وائرل کرنے پر ڈی پی او قصور کو 14اپریل کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔


لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی ضیا باجوہ نے زیر حراست ملزموں کے انٹرویوز کرنے، ویڈیو بنانے پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی،دوران سماعت وکیل میاں علی حیدر نے بتایا قصور میں حالیہ پیش آنے والے واقعہ سے متعلق مواد درخواست کے ساتھ لگایا مگر رجسٹرار آفس نے اس مواد کو ساتھ نہیں لگانے دیا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے آپ مواد ساتھ لگا دیں، درخواست کی اعتراض سمیت سماعت کریں گے،سرکاری وکیل نے دلائل دیئے قصور میں ڈانس پارٹی کے بعد پولیس کی جانب سے بنائی گئی ویڈیوز دیکھی ہیں، کیس میں رپورٹ منگوا لیتے ہیں، یہ بہت تکلیف دہ بات ہے، زیر حراست ملزمان کو پوری دنیا کے سامنے ایکسپوز کر دیا،جسٹس علی ضیا باجوہ نے ریمارکس دیئے ملزموں کا پورا مستقبل تباہ ہو گیا۔

کیس میں پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ کو بھی نوٹس جاری کیا جانا چاہیے، کوئی بھی سرکاری اہلکار زیر حراست ملزم کی ویڈیو بنا پر سوشل میڈیا پر اپلوڈ نہیں کر سکتا،درخواست گزار نے استدعا کی عدالتی حکم کے باوجود زیر حراست ملزموں کی ویڈیوز بنانے پر عدالت ڈی پی او قصور، متعلقہ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کےخلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے،بعدازاں عدالت نے ڈی پی او قصور کو 14اپریل کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔