واشنگٹن،تہران،مسقط:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)امریکہ نے ایران پرنئی پابندیاں عائد کر دیں۔
محکمہ خارجہ کے مطابق ایرانی تیل کی غیر قانونی فروخت روکنے کیلئے نئی پابندیاں عائد کی گئیں،یو اے ای میں مقیم بھارتی شہری جگویندر سنگھ کی کمپنیوں پر ایرانی تیل کی نقل وحمل میں معاونت کا الزام ہے،ایران تیل کی فروخت کیلئے غیر قانونی شپنگ ایجنٹس پر انحصار کرتا ہے،ایران کی مالی معاونت روکنے کیلئے 30 بحری جہازوں کا نیٹ ورک بھی بلیک لسٹ کردیا۔
دریں اثنا ایران نے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے نمائندے کو ملک سے نکالنے کی دھمکی دیدی،سپریم لیڈر خامنہ ای کے سینئر مشیر رئیر ایڈمرل علی شمخانی نے کہابیرونی دھمکیوں کے پیش نظر آئی اے ای اے کے نگران کو ملک سے نکال سکتے ہیں،افزودہ مواد کی لوکیشن کو محفوظ بنانے کےلئے بھی سوچا جا سکتا ہے،ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا امریکہ کو تہران کے فیصلے کو سراہنا چاہیے۔
دوسری جانب امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان ٹیمی بروس نے ایران کو کسی بھی قسم کا غلط قدم اٹھانے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ایران کی جانب سے دھمکی بلا شبہ تہران کے پرامن جوہری پروگرام کے دعوے کی نفی ہے، آئی اے ای اے کے نمائندے کو نکالا جانا اشتعال انگیزی کو مزید ہوا دے گا۔
ادھر ایران امریکہ کے بالواسطہ جوہری مذاکرات ہفتے کو عمان میں ہوں گے،ایرانی میڈیا کے مطابق دونوں فریق عمانی وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد بالواسطہ مذاکرات کا آغاز کریں گے، ایرانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ سید عباس عراقچی،امریکی وفد کی سربراہی مشرق وسطیٰ کےلئے امریکی خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف کریں گے،عمانی وزیر خارجہ دونوں فریقوں کے درمیان پیغامات کی ترسیل میں ثالث کا کردار ادا کریں گے۔
ایران پرنئی امریکی پابندیاں،بحری جہازوں کا نیٹ ورک بھی بلیک لسٹ



















