پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس،آپریشنل تیاریوں پر اظہار اعتماد

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگئی، کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کی، کانفرنس کے دوران شرکاءنے خطے میں بدلتی ہوئی سمندری صورتحال کا جائزہ اور قومی سلامتی، جیوسٹرٹیجک امور، جنگی تیاریوں اور جوانوں کی تربیت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا، علاوہ ازیں پاک بحریہ کے جاری منصوبوں اور آئندہ لائحہ عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔

نیول چیف نے میری ٹائم ڈومین میں ممکنہ روایتی اور غیر روایتی خطرات کا مقابلہ کرنے کےلئے مستقل جنگی تیاریوں کو برقرار رکھنے پر زور دیا،نیول چیف نے جدید پلیٹ فارمز اور ٹیکنالوجیز کے حصول میں پاک بحریہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستان کی بحری سرحدوں کی حفاظت کےلئے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اعتماد کا اظہار کیا، نیول چیف نے کثیرالقومی مشق امن 25 اور امن ڈائیلاگ کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے علاقائی اور عالمی بحری افواج کے درمیان میری ٹائم تعاون کو فروغ دینے میں ان کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

ایڈمرل نوید اشرف نے کہا مشقیں محفوظ اورمستحکم میری ٹائم ماحول کےلئے پاک بحریہ کے ویژن کےساتھ ہم آہنگ میری ٹائم سکیورٹی کےلئے پاکستان کے عزم کو ظاہر کرتی ہیں،کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس پاک بحریہ کا اعلیٰ فیصلہ ساز فورم ہے جس میں چیف آف دی نیول سٹاف کی سربراہی میں پرنسپل سٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز پاکستان نیوی کی پالیسیوں اور منصوبوں کا جائزہ لیتے ہیں۔