پاک بیلاروس فوجی تعاون،تجارت بڑھانے کے معاہدے

منسک (مشرق نیوز)پاک بیلاروس فوجی تعاون،تجارت بڑھانے کے معاہدے، پاکستان سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد تربیت یافتہ اور ہنرمند نوجوانوں کو بیلا روس بھیجنے پر اتفاق کرلیا گیا۔

پاکستان ، بیلاروس کے درمیان معاہدوں ، مفاہمتی یاداشتوں کے تبادلے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا،وزیراعظم شہباز شریف ، بیلاروس کے صدر الیگزینڈرلوکاشینکو نے تقریب میں شرکت کی۔

بیلاروس کی داخلی امور کی وزارت اور وزارت داخلہ پاکستان کے درمیان فوجی تعاون بڑھانے کا معاہدہ کیا گیا،تقریب میں بیلاروس کی فوجی صنعت کی سٹیٹ اتھارٹی اور وزارت دفاعی پیداوار پاکستان کے درمیان فوجی تکنیکی تعاون کیلئے2025 سے 2027 کا روڈ میپ طے پایا۔

پاکستان پوسٹ اور بیلاروس پوسٹ کے درمیان پوسٹل آئٹمز کے تبادلے ،ایوان صنعت و تجارت اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے درمیان تعاون کا معاہدہ بھی ہوا،پاکستانی وفد کے دورہ بیلاروس کے دوران فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن ( ایف ڈبلیو او) اور جے ایس سی ایم کوڈور جبکہ ایف ڈبلیو او اور او جے ایس سی ماز کے درمیان بھی مفاہمت کی یادداشت بھی طے پائی ۔

بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے کہا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں،وزیراعظم شہباز شریف کے دورے سے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہابہترین میزبانی پر بیلاروس کی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، منسک کی خوبصورتی کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے، صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے 2015 کے دورہ پاکستان نے دوستی کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کیا،دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات ہیں، بیلاروس کے صدر سے دوطرفہ تعلقات کیلئے مفید بات چیت ہوئی،پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، بیلاروس کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور سازگار ماحول سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔