اسلام آباد:(بیورورپورٹ)ملک بھر کے صارفین کیلئے بجلی سستی،گیس بم تیار،کمپنیوں نے قیمت بڑھانے کیلئے درخواست جمع کرادی،نیپرا نے بجلی کی قیمت میں1.71روپے یونٹ کمی کی حکومتی درخواست منظور کر کے باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
نیپرا کے مطابق کمی کا اطلاق اپریل سے جون تک 3 ماہ کےلئے ہوگا، سرکاری ڈسکوز ، کے الیکٹرک صارفین بھی ریلیف سے مستفید ہوں گے،لائف لائن کے سوا تمام صارفین کو سبسڈی دی جائےگی۔
دریں اثنا وفاقی حکومت کےساتھ نظرثانی معاہدوں کے بعد مزید 11 آئی پی پیز ٹیرف میں کمی کےلئے رضامند ہوگئیں اورنیپرا سے رجوع کرلیا،حمزہ شوگر ملز سمیت 9 بیگاس پاور پلانٹس نے درخواست جمع کراتے ہوئے فیول لاگت میں کمی ،بجلی کی پیداوار میں منافع کم کرکے 17فیصد پر فکس ،مرمت و آپریشن لاگت میں 10 ،انشورنش فیس میں 0.7 فیصد کمی کی درخواست کردی۔
ٹیرف میں کمی کی درخواست چنیوٹ پاور، جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز، المعیز انڈسٹری، چنار انرجی، تھل انڈسٹری، حمزہ شوگر ملز، رحیم یار خان ملز اور شاہ تاج شوگر ملز نے جمع کرائی،نیپرا بیگاس پاور پلانٹس کی درخواست پر 16 اپریل کو سماعت کرے گا۔
دوسری جانب سوئی گیس کمپنیوں نے آئندہ مالی سال سے گیس مزید مہنگی کرنے کی درخواستیں جمع کرادیں،ذرائع کے مطابق سوئی ناردرن نے گیس قیمت میں اوسطاً 735روپے 59 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اور سوئی سدرن نے سابقہ شارٹ فال سمیت قیمت میں 2443 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ مانگا ،مالی سال 2023-25کی مالی ضروریات کی درخواستیں بھی جمع کرائی گئیں،سوئی ناردرن نے 700 ارب 97 کروڑ روپے کی مالی ضروریات کی فراہمی ،207 ارب 43 کروڑ 50 لاکھ کا شارٹ فال وصول اوراوسط قیمت 2485روپے 72 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی درخواست دی۔
سوئی سدرن نے 883 ارب 54 کروڑ 40 لاکھ روپے کی مالی ضروریات ،44 ارب 33 کروڑ 20 لاکھ روپے کے شارٹ فال کی وصولی ،اوسط قیمت 4137 روپے 49 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کامطالبہ کردیا،حکام کے مطابق سوئی ناردرن کی درخواست پر 18 ، 28 اپریل کو لاہور ،پشاور میں سماعتیں ہوں گی ،سوئی سدرن کی درخواست پر 21 اور 23 اپریل کو کراچی ،کوئٹہ میں سماعتیں ہوں گی۔
ملک بھر کے صارفین کیلئے 1.71روپے یونٹ سستی، گیس بم تیار،مزید 11 آئی پی پیز ٹیرف کمی کیلئے رضا مند



















