اسلام آباد، لاہور، راہوالی: (بیورو رپورٹ+ خبرنگار) اوورسیز پاکستانیز کے اعزاز میں کنونشن 13 سے 16 اپریل تک اسلام آباد جناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگا۔
دنیا بھر میں مقیم پاکستانی بطور سٹیٹ گیسٹ مدعو ہیں، اوورسیز کو 4 دن مکمل پروٹوکول کیساتھ فائیو سٹار ہوٹل میں ٹھہرایا جائیگا، تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے، 4 روز تک جاری رہنے والے کنونشن سے وزیراعظم شہبازشریف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر و دیگر اہم شخصیات خطاب کریں گی، طبیعت ناساز ہونے پر صدر آصف زرداری کی عدم شرکت پر چیئرمین سینٹ یوسف رضاگیلانی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اوورسیز سے خصوصی ملاقات کریں گی۔
اوورسیز پاکستانیز فاﺅنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا نے کہاکنونشن اوورسیز پاکستانیز کی خدمات کااعتراف ہے، بھاری زرمبادلہ بھیج کر ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرنیوالے اوورسیز حکومت پاکستان کے دل کے بہت قریب ہیں، کنونشن واضح ثبوت ہے حکومت دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کو بہت اہمیت دیتی ہے۔
سید قمر رضا نے کہا دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کاحل ترجیح ہے۔ مسائل کے خاتمے کیلئے بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں، پاکستان کا اثاثہ اوورسیز کمیونٹی کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے، کنونشن میں ملک وقوم کیلئے بھرپور خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا جائیگا۔ ایک سیاسی جماعت کی کال کے باوجود پاکستانی کمیونٹی نے ریکارڈ زرمبادلہ بھیج کر ملک وقوم سے والہانہ محبت کا اظہار کیا۔
دوسری جانب نامور صحافی و کشمیری رہنما خواجہ فاروق کا اوور سیز کنونشن میں شرکت کیلئے امریکہ سے پاکستان پہنچنے پر شاندار استقبا ل کیا گیا، لاہور ائیرپورٹ پر اوورسیز پاکستانیز فاﺅنڈیشن کے چیئرمین سید قمررضا کے خصوصی نمائندے رانا کامران علی بٹ، ڈائریکٹر ائیر پورٹ میڈم انیلہ کے نمائندے علی بٹ نے پھول پیش کیے ، ملک وقوم کیلئے خدمات کو سراہا۔
بعدازاں خواجہ فا روق اپنے شہر علاقے راہوالی کینٹ پہنچے تو استقبال کرنے کیلئے آنے والوں کاتانتا بندھ گیا،شہر بھر میں استقبالیہ بینرز کی بھرمار نظرآئی، مسلم لیگ (ن) گوجرانوالہ کے نمائندوں خواجہ عبد الرﺅف، خواجہ شبیر احمد کویتی، انٹراکشمیر ٹریڈ کے ترجمان مرزا شکیل جرال، صحافی نصیر احمد شانی ،سردار افضال احمد، سردار اظہار ،ملک مشتاق احمد نوری، صدر انجمن تاجران گوجرانوالہ کینٹ ملک اکرام، صدر یوتھ ونگ ملک خوشحال خان، سینئر صحافی سرور انصاری سمیت علاقے بھر کی سیاسی وسماجی شخصیات بشمول پی ٹی آئی رہنماو¿ں کی کثیر تعدا د نے ویلکم کیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ہار پہنائے۔
سیاسی وسماجی شخصیات نے کہا خواجہ فاروق کو اوورسیز پاکستانیز کے کنونشن میں شرکت کی دعوت ملنا نہ صرف اوورسیز بلکہ علاقے بلکہ کشمیریوں کیلئے بڑا اعزاز ہے۔ خواجہ فاروق نے ہمیشہ دیار غیر میں رہ کر ملک وقوم اور کشمیر کیلئے بھرپور خدمات سرانجام دیں، کمیونٹی کی آواز بنے،سینئر صحافی پر فخر ہے آئندہ بھی اپنی خدمات کاسلسلہ جاری رکھیں گے۔
دریں اثنا خواجہ فاروق نے ملاقاتوں کے بعد آبائی قبرستان جاکر اپنے والد خواجہ رمضان، والدہ و دیگر پیاروں کی قبروں پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی، پھول چڑھائے۔
خواجہ فاروق نے شاندار استقبال کرنے پر اہالیان گوجرانوالہ کینٹ کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا موجودہ حکومت اوورسز اور ملک کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کےلئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے، دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں نے نومولود سیاسی جماعت کی زرمبادلہ نہ بھیجنے کی خود ساختہ مہم کو پوری شدت سے مسترد کردیا اور اب وہ اوورسیز کنونشن میں شرکت کر کے عہد کریں گے ملکی معیشت مضبوط بنانے کےلئے حکومت کی بھر پور مدد اور حمایت کرتے رہیں گے، ملک و قوم کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے۔
خواجہ فاروق نے صدر زرداری، وزیراعظم شہبازشریف،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور اوورسز پاکستانیز فاو¿نڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا کوزبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا حکومت نے اوورسیز کیلئے کنونشن بلا کر دل جیت لئے، واضح ہوگیا دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کاحل حکومتی ترجیجات میں سرفہرست ہے۔
اوورسیز کے اعزاز میں 13 اپریل سے کنونشن کا آغاز،دنیا بھر میں مقیم پاکستانی سٹیٹ گیسٹ مدعو



















