سویلینز کاملٹری ٹرائل،ادارہ خود شکایت کنندہ ،کیسے کیس سن سکتا ہے؟ ،سپریم کورٹ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)آئینی بنچ کے رکن جسٹس حسن اظہر رضوی نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کیس میں ریمارکس دئیے ملٹری کورٹس میں ٹرائل کرنے والوں کو تو قانون شہادت کا علم ہی نہیں ہوگا ،جسٹس مسرت ہلالی نے کہا انصاف و شفاف ٹرائل کی بات کیسے کر رہے ہیں، ملٹری کورٹس میں کلاشنکوف رکھ کر تو فیصلہ کیا جاتا ہے۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ نے کیس پر سماعت کی،اٹارنی جنرل منصور اعوان نے موقف اختیار کیا ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے پتہ چلا عدالت نے مجھے طلب کیا تھا، جب کورٹ مارشل ٹرائل ہوتا ہے تو پورا طریقہ کار ہے، ملٹری ٹرائل کیسے ہوتا ہے ،پورا ریکارڈ عدالت کے پاس ہے اگر کسی کو سزائے موت ہوتی ہے تب تک عمل نہیں ہوتا جب تک اپیل پر فیصلہ نہ ہو جائے،جسٹس جمال مندو خیل نے ریمارکس دئیے اپیل کی بات اس لیے کر رہے ہیں کیونکہ بنیادی حق ہے، اٹارنی جنرل نے موقف اختیار کیا خواجہ حارث دلائل مکمل کریں تو میں مزید بات کروں گا، کلبھوشن کیس میں ایک مسئلہ اور تھا، سیکشن تھری میں فئیر ٹرائل اور وکیل کا حق ہے،جسٹس جمال مندو خیل نے ریمارکس دئیے آئین میں بنیادی حقوق دستیاب ہیں ۔

اٹارنی جنرل نے کہاجب فل کورٹ میں معاملہ آیاتو وہ بھی 18ویں ترمیم کے بعد آیا تھا، عدالت نے ہی 3 آپشنز دئیے ،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے 3آپشنز موجود ہیں، اپیل کا حق ہے یا نہیں بتائیں، جسٹس علی مظہر نے کہا اس وقت فوکس اپیل پر نہیں تھا، جسٹس جمال مندو خیل نے کہا اگر کسی کو فئیر ٹرائل کا حق دیتے ہیں اس میں مسئلہ کیا ہے؟ ادارہ خود شکایت کنندہ ہے ،کیسے کیس سن سکتا ہے؟ کیا وفاق اور صوبوں کو اپنی عدالتوں پر اعتماد نہیں ؟۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا لوگ فیصلوں کی وجہ سے ہم پر صرف 50 فیصد اعتماد کرتے ہیں اگر عدالتیں ہی ختم ہوگئیں تو پھر کیا ہوگا؟اٹارنی جنرل نے موقف اختیار کیا عدالتی نظام کا حصہ آپ بھی ہیں اور میں بھی ہوں، ملکر نظام کو ٹھیک کرنا ہے، جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دئیے ملٹری کورٹس میں ٹرائل کرنے والوں کو تو قانون شہادت کا علم ہی نہیں ہوگا، ملٹری کورٹس میں شواہد کو غلط بھی پڑھا جاسکتا ہے،جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دئیے آپ کیسے انصاف اور شفاف ٹرائل کی بات کر رہے ہیں، ملٹری کورٹس میں کلاشنکوف رکھ کر تو فیصلہ کیا جاتا ہے، حکومت سویلینز کو اپیل کا حق دے گی تو کونسا مسئلہ پیدا ہوگا؟جسٹس جمال مندو خیل نے ریمارکس میں کہا ملٹری کورٹس کے ٹرائل کا ریکارڈ تو ہم بھی نہیں دیکھ سکتے، حکومت اپیل کا حق دے رہی یا نہیں؟جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دئیے سویلین کے کورٹ مارشل کےلئے آپ کو آئینی ترمیم کرنی چاہئے تھی۔