انویسٹرز کو سرمایہ کاری دعوت، پاکستانIMF کو خیرباد کہہ سکتا ہے، شہباز

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی انویسٹرز کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہاہے بلوچستان کے پہاڑوں، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں معدنیات کے کھربوں ڈالر مالیت کے ذخائر ہیں، پاکستان ذخائر کو نکال کر قرضوں کے پہاڑ سے چھٹکارا حاصل کرسکتا ہے۔

پاکستان منرلز انوسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا پاکستان کو اللہ نے بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے، بلوچستان کے سنگلاخ پہاڑوں سے لےکر خیبرپختونخوا کے برش پوش پہاڑوں تک، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر کی قدیم چوٹیوں اور وادی سندھ اور پنجاب کی زرخیز زمینوں میں کھربوں ڈالر مالیت کے ذخائر موجود ہیں اگر عظیم اثاثوں سے مستفید ہوں تو بلا خوف و تردد کہہ سکتا ہوں پاکستان آئی ایم ایف کو خدا حافظ بول سکتا ہے اورقرضوں کے پہاڑ سے جھٹکارا حاصل کرسکتا ہے۔

،وزیراعظم نے کہاصرف یہی نہیں بلکہ ہمارے پاس پنجاب اور سندھ سمیت پاکستان کے دیگر حصوں میں انتہائی ذرخیز زمینیں موجود ہیں اور سب سے بڑھ کر ہمارے پاس انتہائی بہادر لوگ موجود ہیں جو چیلنج قبول کرنے کےلئے تیار رہتے ہیں اور مٹی کو سونا بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا پاکستان منرلز انوسٹمنٹ فورم 2025 (پی ایم آئی ایف 25) میں پاکستان کان کنی کے عالمی مرکز کے طور پر ابھرنے کےلئے سٹرٹیجک طور پر تیار ہے، پاکستان میں ریکوڈک جیسے قیمتی ذخائر موجود ہیں، ملک میں نایاب زمینی عناصر، صنعتی معدنیات، غیر دھاتی اور قیمتی پتھروں کے وسیع وسائل بھی موجود ہیں جن میں پیریڈوٹ اور زمرد شامل ہیں، پائیدار معاشی استحکام کےلئے معدنی وسائل سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا

اسحاق ڈار نے کہا پاکستان میں سونے اور تانبے کے بڑے ذخائر موجود ہیں، معدنی وسائل کو بروئے کار لانے کےلئے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری درکار ہے، پاکستان اقتصادی ترقی کے نئے دور میں داخل ہورہا ہے، معدنی وسائل کے وسیع امکانات کےساتھ پاکستان کی ریسورس کوریڈور عالمی سپلائی چین کو نئی شکل دینے اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کےلئے تیار ہیں۔

نائب وزیر اعظم نے کہا حکومت نے ترقی پسند پالیسی اصلاحات اور سرمایہ کاروں پر مرکوز اقدامات کے ذریعے کان کنی کے شعبے کی تذویراتی ترقی کو ترجیح دی اور مضبوط ماحولیاتی نظام کی بنیاد رکھی ہے جو تمام سٹیک ہولڈرز کےلئے قدر فراہم کرتا ہے، سرمایہ کاری فورم سٹیک ہولڈرز، شراکت داروں اور دوست ممالک کو نئے امکانات تلاش کرنے، باہمی فائدہ مند شراکت داری قائم کرنے کےلئے منفرد پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔


،وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکومت کی کوششوں سے معاشی استحکام ممکن ہوا، پاکستان میں سرمایہ کاری کےلئے قوانین کو آسان بنایا جا رہا ہے، معدنی وسائل کے حوالے سے بلوچستان کو خاص اہمیت حاصل ہے، حکومت پاکستانی معدنی وسائل کو بروئے کار لانے کےلئے پر عزم ہے، علی پرویز ملک نے مختلف معدنیات کی موجودگی کے حوالے سے اعداد و شمار بھی بتائے۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا بلوچستان میں معدنیات کا بہت زیادہ پوٹینشل ہے، سکیورٹی کے حوالے سے بھی سرمایہ کاروں کےلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، فورم میں شرکت کرنے وا لوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، حکومت کی جانب سے معدنیات کے فروغ اور بیرونی سرمایہ کاروں کو مدعو کرنے اور سرمایہ کاروں کو کاروبار میں آسانی فراہم کرنے سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے

جام کمال نے کہا بلوچستان اور پاکستان کے شمالی علاقوں سے مختلف قسم کی تقریباً 90 معدنیات حاصل کی جا رہی ہیں، شعبے کو مزید سرمایہ کاری کی ضرورت ہے کیونکہ جیولوجیکل سروے کے مطابق پاکستان منرلز سے مالامال ہے ، پاکستان کے 95 فیصد وسائل ابھی تک دریافت نہیں کیے جا سکے، چاہتے ہیں دنیا آئے اور وسائل کو دریافت کرنے کےساتھ ساتھ موثر طور پر استعمال بھی کرے، پاکستان میں لیتھیئم ، کاپر ، سلور ، سونے ، چاندی ، ایلومینیئم اور دیگر دھاتوں کے وسیع ذخائر موجود ہیں، پاکستان بین الاقوامی سرمایہ کاروں کےلئے محفوظ ملک ہے جس کا ثبوت یہاں موجود سینکڑوں بین الاقوامی کمپنیاں ہیں جو اپنے اپنے آپریشنز کو جاری رکھے ہوئے ہیں،وزیر تجارت نے کہا پاکستان خطے کے ان ممالک میں سے ہے جہاں کارپوریٹ سیکٹر سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے اور حکومت پاکستان بھی نجی سرمایہ کاروں کی ہمیشہ سے حوصلہ افزائی کرتی آ رہی ہے۔

سی ای او بیرک گولڈ، مارک بیرسٹو نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان معدنی وسائل کے باعث منفرد حیثیت رکھتا ہے، ریکوڈک پاکستان کی معاشی ترقی میں کلیدی کرداراداکرےگا، معدنیات کاحصول صنعت کےلئے بہت ضروری ہے، معدنی ذخائر کسی بھی ملک کی پائیدار ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔