پاکستان معدنی معیشت میں عالمی رہنما کے طور پر ابھرنے کیلئے تیار ہے: آرمی چیف

اسلام آباد (مشرق نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کے پیروں تلے معدنی ذخائر اور ہاتھوں میں مہارت ہے، ایسے میں مایوسی کی کوئی گنجائش نہیں۔ پاکستان منرل انوسٹمنٹ فورم 2025 سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ مجھے پختہ یقین ہے کہ پاکستان معدنی معیشت میں ایک عالمی رہنما کے طور پر ابھرنے کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بین الاقوامی اداروں کو خوش آمدید کہتے ہیں کہ وہ اپنی مہارت سے پاکستان کو روشناس کرائیں، سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں اور وسائل کی وسیع صلاحیت کے فروغ اور ترقی میں ہمارے ساتھ شراکت داری کریں۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کی معدنیات کی دولت کو اخذ کرنے کیلئے انجینئر، جیالوجسٹ، آپریٹر اور بہت سے ماہر کان کن درکار ہیں، اسی لئے ہم اس شعبے کی ترقی کیلئے طلبہ کو بیرون ملک تربیت کیلئے بھی بھیج رہے ہیں۔ اس وقت بلوچستان کے 27 طلبہ، زیمبیا اور ارجنٹائن میں منرل ایکسپلوریشن میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد معدنی شعبے کیلئے افرادی قوت، مہارت اور انسانی وسائل پیدا کرنا بھی ہے۔ اقتصادی سلامتی، قومی سلامتی کے ایک اہم جزو کے طور پر ابھری ہے۔ پاک فوج اپنے شراکت داروں اور سرمایہ کاروں کے مفادات اور اعتماد کے تحفظ کیلئے ایک مضبوط سکیورٹی فریم ورک اور فعال اقدامات کو یقینی بنائے گی۔

فورم سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اپ سٹریم اور ڈاو¿ن سٹریم معدنی صنعتوں کی ترقی کو بھی یقینی بنایا جائیگا۔ یہ بات اہم ہے کہ لاگت کو بہتر بنانے اور منڈیوں کو متنوع بنانے کیلئے پاکستان میں ریفائننگ اور ویلیو ایڈیشن میں سرمایہ کاری کی جائے۔