پی این ایس اصلت کی صومالیہ میں قزاقوں کیخلاف کاونٹر پائریسی پٹرولنگ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پی این ایس اصلت نے پاک بحریہ کی زیرقیادت کمبائنڈ ٹاسک فورس 151 (CTF-151) کی معاونت میں صومالیہ کے مشرقی ساحل کے قریب بحیرہ عرب میں کاونٹر پائریسی پٹرولنگ انجام دی،آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کی قیادت میں CTF-151خلیج عدن، سوکوٹرا گیپ اور صومالیہ کے مشرقی ساحل کے اطراف قزاقی خطرات کے پیش نظر علاقے میں موثر بحری موجودگی کو یقینی بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

کوششوں کا مقصد بحری قزاقی، مسلح ڈکیتی و دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ہے تاکہ اہم تجارتی بحری راستوں کی سلامتی یقینی بنائی جا سکے،ترجمان پاک فوج نے کہاپی این ایس اصلت کی تعیناتی سے نہ صرف بحری قزاقی ،مسلح ڈکیتی کےخلاف پاک بحریہ کے عزم کا اظہار ہوتا ہے بلکہ عالمی مشترکہ مفادات کے تحفظ ،خطے میں بحری تجارت کے آزادانہ تسلسل کو یقینی بنانے کی پاکستان نیوی کی کاوشوں کا بھی عملی مظہر ہے۔