واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے ویزے کا حصول اب غیر ملکی طالب علموں کیلئے زیادہ مشکل بننے والا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے سٹوڈنٹ اور دیگر اقسام کے ویزوں کے لیے درخواستیں دینے والوں کی زیادہ سخت چھان بین کرنے کا حکم دیا ہے۔
مارکو روبیو نے بیرون ملک موجود امریکی سفارتکاروں کو حکم دیا ہے کہ وہ سٹوڈنٹ اور دیگر اقسام کے ویزوں کے لیے درخواست دینے والے افراد کے سوشل میڈیا مواد کی چھان بین کریں۔ امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد امریکہ اور اسرائیل پر تنقید کرنے والوں کو امریکہ میں داخلے سے روکنا ہے۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ان کی جانب سے یہ ہدایات 25 مارچ کو سفارتی مشنز کو بھیجے گئے ایک طویل مراسلے میں دی گئیں۔ واضح رہے کہ کچھ عرصے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کئے تھے جس کے تحت ایسے غیر ملکی شہریوں کو ڈی پورٹ کیا جائے گا جو امریکی شہریوں، ثقافت، حکومت، اداروں یا اصولوں کے خلاف تنقیدی سوچ رکھتے ہیں۔
اسی طرح انہوں نے اسرائیل کے خلاف تنقید کرنے والے غیرملکی افراد بشمول طالب علموں کو ڈی پورٹ کرنے کا ایگزیکٹو آرڈر بھی جاری کیا۔
امریکی وزیر خارجہ کا سٹوڈنٹ ویزا کیلئے درخواست دہندگان کی چھان بین کا حکم



















