چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ ،ججز میں کیس ٹرانسفر پر نیا تنازع

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ ،ججز کے درمیان کیس ٹرانسفر پر نیا تنازع ،معذرت کے باوجود کیس دوبارہ لگنے پر جسٹس بابر ستار نے قائم مقام چیف جسٹس کے اختیارات پر سوالات اٹھادئیے۔

ذرائع کے مطابق جسٹس بابر ستار نے سروس کیس پرمعذرت کرتے ہوئے نئے بنچ کی تشکیل کیلئے واپس بھیجاتاہم قائمقام چیف جسٹس کی ہدایت پر کیس دوبارہ جسٹس بابر ستار کے سامنے مقرر کرنے کا انتظامی حکم نامہ جاری کردیاگیا،بعدازاں جسٹس بابر ستار نے کیس ڈپٹی رجسٹرار کو نئے بنچ کے سامنے مقرر کرنے کیلئے بھیجنے کا تحریری آرڈر جاری کر دیا۔

جسٹس بابر ستار نے حکم نامے میں کہا 14 مارچ کو عدالت نے کیس دوسرے بنچ کے سامنے مقرر کرنے کیلئے واپس بھیجا مگر ناقابل فہم طور پر کیس کی فائل دوبارہ بھیج دی گئی ،چیف جسٹس کے انتظامی سائیڈ پر ریمارکس کےساتھ فائل بھیجی گئی یہی بنچ کیس سنے گا، کیس واپس عدالت کو بھیجنا لازمی طور پر چیف جسٹس آفس یا رجسٹرار کے سٹاف کی غیردانستہ غلطی ہونی چاہیے۔

حکم نامے میںجسٹس بابر ستار نے کہا بصد احترام چیف جسٹس کے پاس طے کرنے کا کوئی اختیار نہیں عدالت نے لازمی طور پر کیس سننا ہے یا نہیں، رولز کے مطابق کیس بنچ کے سامنے مقرر ہونے پر کیس سننے سے معذرت کا اختیار متعلقہ جج کے پاس ہوتا ہے،جج کے کیس سننے سے معذرت پر چیف جسٹس آفس یا رجسٹرار آفس کے انتظامی معاملہ سمجھ کر مداخلت کرنے کی کوئی گنجائش نہیں، ہائیکورٹ رولز کے مطابق ہنگامی و عمومی مقدمات سماعت کیلئے مقرر کرنے کا اختیار ڈپٹی رجسٹرار کے پاس ہے۔

جسٹس بابر ستار نے کہاچیف جسٹس کی ذمہ داری ڈپٹی رجسٹرار کے تیار کردہ بینچز کے روسٹر کی منظوری دینا ہے، روسٹر منظوری کے بعد چیف جسٹس کا ہائیکورٹ میں دائر ہونے والا ہر کیس مقرر کرنے میں کوئی کردار نہیںاگر کوئی بنچ سماعت سے معذرت یا لارجر بنچ بنانے کا کہتا ہے تو معاملہ چیف جسٹس کے پاس جائے گا، ہائیکورٹ کی سماعت سے معذرت پر کیس چیف جسٹس کو بھیجنے کی پریکٹس رولز کے مطابق نہیں،حکم نامے کے مطابق جج کے کیس کی سماعت سے معذرت پر کیس دوسرے بنچ کو بھیجنے کیلئے ڈپٹی رجسٹرار کے پاس بھیجا جانا چاہیے، کیس فائل ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو کسی دوسرے بنچ کے سامنے مقرر کرنے کیلئے بھیجی جاتی ہے۔