افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کی واپسی کیلئے صوبوں کیساتھ مکمل تعاون کرینگے، محسن نقوی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہاہے افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کی واپسی کیلئے صوبوں کیساتھ مکمل تعاون کیا جائےگا۔

محسن نقوی کی زیر صدارت افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کی واپسی کیلئے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا ،اقدامات کا جائزہ لیا گیا،وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری کشمیر افیئرز و سیفران، تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز، آئی جیز، ڈی جی ایف آئی اے، آئی جی اسلام آباد ،ڈی سی اسلام آباد، کوآرڈینیٹر نیشنل ایکشن پلان، وزارت خارجہ، وزارت قانون ،سکیورٹی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

وزیر داخلہ نے کہاغیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی کا پروگرام(آئی ایف آرپی) نومبر 2023 سے جاری ہے ،دوسرے مرحلے میں افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو 31 مارچ تک رضاکارانہ طور پر پاکستان چھوڑنے کی ڈیڈ لائن دےدی، واپسی کے عمل میں صوبائی حکومتوں کو وفاق کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائےگا،محسن نقوی نے کہاوزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی تجاویز پر کمیٹی قائم کردی،واپسی کے عمل میں درپیش مسائل کاازالہ کرنے کیلئے طلال چودھری صوبوں کا دورہ کریں گے۔