نیویارک، ظفر اقبال اور کاشف حسین کیخلاف رپورٹ درج

نیویارک (بیورو رپورٹ) ممتاز سیاسی سماجی رہنما پاکستانی امریکن غیاث الدین سندھو نے مکی مسجد بروکلین نیویارک میں پبلک ایڈووکیٹ مسٹر جمانی ولیم کی موجودگی میں مسجد میں ملزم راجہ آزاد گل اور احسن چغتائی کے دست راست مبینہ جعلسازی سے بننے والے لیزان پولیس 70 پری سینٹ بروکلین ظفر اقبال اور ڈپٹی پبلک ایڈووکیٹ کاشف حسین کی طرف سے بد تمیزی اور جان سے مار دینے کی دھمکیاں دینے پر نیویارک سویلین کمپلینٹ اتھارٹی میں رپورٹ درج کروا دی۔انہوں نے ”مشرق“ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ظفر اقبال اور کاشف حسین نے نیویارک محکمہ پولیس میں تعینات بعض پاکستانی پولیس افسران کی پشت پناہی کی وجہ سے مجھ پر حملہ کیا، گالم گلوچ کی اور جان سے مارنے کی بھی دھمکیاں دیں جو کہ ظلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سینئر سٹیزن ہوں اسکے باوجود مجھے عزت واحترام دینے کی بجائے ڈرانا دھمکانا غنڈہ گردی کے زمرے میں آتا ہے جس کی پوری پاکستانی کمیونٹی نے بھی مذمت کی ہے۔ انہوں نے مئیر نیویارک ایرک ایڈم، کمشنر پولیس نیویارک جسیکا ٹیش اور ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کیش پٹیل سے اپیل کی ہے کہ نیویارک میں پاکستانی پولیس افسران کو پنجاب پولیس پاکستان کی طرز پر چلانے کی کوششوں کا نوٹس لیکر قانونی کارروائی کریں ،پولیس اور کمیونٹی میں گروپ بندی، انتشار اور لسانی بنیادوں پر تقسیم کا نوٹس لیں اور مسلم نوجوانوں کو انتہا پسندی کی طرف مائل کرنے کا فوری نوٹس لیں تاکہ امریکہ کو انتہا پسند عناصر سے محفوظ رکھا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسند ہر قسم کی دہشت گردی کے مرتکب ہو سکتے ہیں ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ صدر ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ بھی سیاسی انتہاپسندی کا عملی نمونہ ہے جس کا سدباب کرنے کیلئے حکومت کو سنجیدہ لینے کی اشد ضرورت ہے۔