کیسز منتقلی ہائیکورٹ جج نے نہ کی ہوتی تو کریمنل توہین عدالت ہوتی،جسٹس سردار اعجاز

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے ڈپٹی رجسٹرار کےخلاف از خود توہین عدالت کیس میں ریمارکس دئیے جج کی مرضی کے بغیر کیس کسی دوسرے بنچ میں ٹرانسفر کرنے کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں،عمران خان ملاقات کیسز منتقلی ہائیکورٹ جج نے نہ کی ہوتی تو کریمنل توہین عدالت ہوتی۔

دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کیا نمبر لگ گیا؟،ایڈووکیٹ جنرل نے دلائل دیتے ہوئے کہا عدالت نے دل کی باتیں کیں اور ہم نے سنیں، ایک ہی سوال ہے کیا مشعال یوسفزئی بانی پی ٹی آئی کی وکیل ہیں یا نہیں، سوال سے ساری صورتحال پیدا ہوئی ، بانی پی ٹی آئی کے فوکل پرسن نیاز نیازی نے خود بیان دیا،عدالت نے استفسار کیا سوال یہ ہے آیا ایک بنچ سے کیس اس طرح منتقل ہو سکتا ہے؟، 10000 کیس بھی ہوں متعلقہ عدالت کو ہی کیس منتقلی یا لارجر بنچ کی استدعا کی جاتی ہے، ایڈووکیٹ جنرل نے کہا لارجر بنچ درخواست ہماری نہیں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی تھی،عدالت نے بنچ تبدیلی سے متعلق شق پڑھنے کی ہدایت کی۔

جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے استفسار کیا کیا تمام فریقین کو نوٹس کرکے سنا گیا؟ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے بتایا نوٹس نہیں کیا گیا، کیس منتقلی کی درخواست آئی تھی،عدالت نے ریمارکس دئیے جس قانونی نکتے کے تحت درخواست آئی، آرڈر خود کہتا ہے درخواست اس کے تحت نہیں دی جا سکتی، آرڈر کے مطابق درخواست گزار نے اپنی استدعا پر زور نہیں دیا لیکن اس کے باوجود استدعا مان بھی لی گئی،جج کا احتساب عوام کرتی ہے، جج کا احتساب کوئی اور نہیں کرتا ہے، کارروائی کا مقصد لوگوں کو آگاہی دینا ہے، کارروائی کا مطلب ہائی کورٹ کو مزید شرمندہ کرنا نہیں، میں ہمیشہ کہتا ہوں جج کا احتساب پبلک کرتی ہے، کہیں اور نہیں ہوتا، توہین عدالت وہی جج سنتا ہے جس کے آرڈر کی خلاف ورزی ہوئی ہے، میں اپنے یا اپنے کولیگز کےلئے کوئی ناخوش گوار بات نہیں چھوڑنا چاہتا، کیا آپ عدالت کے سامنے لگی توہین عدالت درخواست پر دلائل دیں گے؟ کیا وہ بنچ توہین عدالت کیس سنے گی جس نے آرڈر ہی نہیں کیا، جس کی حکم عدولی ہوئی؟عدالت نے استفسار کیا اب سوال تو یہ بھی ہے کیسز میں ریاست کہاں کھڑی ہے؟ سوال یہ ہے لارجر بنچ کی تشکیل قانونی ہے یا نہیں؟ لارجر بنچ کی عدالتی کارروائی قانونی ہے یا نہیں؟۔

شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے لارجر بنچ کی تشکیل سے متعلق آرڈر پر توجہ دلاتے ہوئے آرڈر میں لکھا ہے آفس اعتراضات کو دور کر دیا گیا ہے، عدالت نے کہااچھا ایسا لکھا ہے لیکن اعتراضات دور کرنے کی وجہ کوئی نہیں بتائی گئی،جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے ریمارکس دئیے کارروائی سکھانے کےلئے ہے اور عوام بھی کیس پر نظر رکھے، کیس ایک سیاسی جماعت کے لیڈر سے متعلق نہیں بلکہ اصول طے کرنے کا ہے،عدالت نے ہدایت کی ڈپٹی رجسٹرار آئندہ سماعت پر ہائیکورٹ رولز لے کر آئیں جس کے مطابق چیف جسٹس اعتراض دور کیے بغیر درخواست پر آرڈر کر سکتا ہے، وہ رولز بھی لائیں چیف جسٹس عدالت میں زیر سماعت کیس کو واپس لے سکتے ہیں۔

جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے کہا ایڈووکیٹ جنرل صاحب آپ نے لارجر بنچ کے سامنے ایک واضح موقف اپنانا ہے، یہ نہیں ہو سکتا آپ عدالت میں واپس آ کر ایک متصادم موقف لیں،عدالت نے سماعت عید کے بعد تک ملتوی کر دی۔