جنگی بحری بیڑے پر حملے کے بعد امریکہ کا حوثیوں کے سکیورٹی چیف کو مارنے کا دعویٰ

صنعاء(مشرق نیوز) یمن میں امریکہ اور حوثی باغیوں میں شدید لڑائی کا سلسلہ جاری ہے، ایک جانب یمن کے حوثی باغیوں نے امریکہ کے جنگی بحری بیرے پر دو حملے کئے ہیں، دوسری جانب امریکہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی حوثیوں کے خلاف کارروائی کے دوران یمنی حوثیوں کا سیکیورٹی چیف مارا گیا ہے۔ قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق حوثی باغیوں نے امریکہ کے بحری جنگی بیڑے پر دوسرے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

یمن کے حوثی باغیوں نے کہا ہے کہ انہوں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دوسری بار یو ایس ایس ہیری ٹرومین طیارہ بردار بحری جہاز پر حملہ کیا ہے اور جنگی جہاز پر ’متعدد ڈرونز اور بیلسٹک اور کروز میزائل‘ داغے ہیں۔ حوثی گروپ نے کہا کہ یہ حملہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا اور دشمن کے اس حملے کو ناکام بنانے میں کامیاب رہا جو دشمن ہمارے ملک کے خلاف شروع کرنے کی تیاری کر رہا تھا۔

یمن میں حوثی گروپ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی حملے بند کیے جانے تک وہ بھی امریکی اور اسرائیلی جہازوں کو نشانہ بناتے رہیں گے۔یمن پر امریکی فضائیہ کے حملوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 53 ہوگئی، حملوں میں حوثیوں کے سکیورٹی چیف کے جاں بحق ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی قومی سلامتی کے مشیر مائیکل والٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن میں امریکی فضائی حملوں میں متعدد حوثی رہنما مارے گئے، امریکی عہدیدار نے حوثیوں کے 11 ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ بھی کیا۔ اقوام متحدہ نے امریکہ اور یمنی حوثیوں سے ایک دوسرے پر حملے روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔