پاکستان گلوبل ٹیررازم انڈیکس میں دوسرے نمبر پر آگیا

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان گلوبل ٹیررازم انڈیکس میں دوسرے نمبر پر آگیا،دہشتگرد حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 45فیصد اضافے کےساتھ 1081تک جاپہنچی۔

انسٹی ٹیوٹ فار اکنامکس اینڈ پیس کی جانب سے شائع کردہ گلوبل ٹیررازم انڈیکس 2025میں 17برسوں کے دوران دہشتگردی کے اہم رجحانات اور نمونوں کا جامع خلاصہ فراہم کیا گیا،رپورٹ کے مطابق پاکستان عالمی دہشتگردی انڈیکس 2025 میں دوسرے نمبر پر آ گیا، کالعدم تحریک طالبان پاکستان ملک میں تیزی سے بڑھنے والی سب سے خطرناک دہشتگرد تنظیم کے طور پر سامنے آئی،2024 میں حملے بڑھ کر 1099 تک جا پہنچے۔

رپورٹ کے مطابق افغانستان میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد دہشت گردوں کو سرحد پار محفوظ پناہ گاہیں مل گئیں ،پاکستان خصوصاً خیبر پختونخوا ، بلوچستان میں حملے تیزی سے بڑھے ،انسٹیٹیوٹ آف اکنامکس اینڈ پیس کی رپورٹ کے مطابق بلوچ عسکریت پسند گروہوں کے حملے 116 سے بڑھ کر 504 ہو گئے، حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد بھی 4 گنا بڑھ کر 388 ہو گئی۔