امریکہ حماس سے براہ راست مذاکرات کرنے لگا
غزہ (مشرق نیوز) غزہ کی پٹی میں جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر مذاکرات انجماد کی طرف پہنچ گئے۔ امریکی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ واشنگٹن خفیہ طور پر حماس کے ساتھ براہ راست مذاکرات کر رہا ہے۔ اس کی تصدیق فلسطینی تحریک مزاحمت حماس نے بھی کردی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق دو امریکی ذرائع نے اطلاع دی کہ ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ غزہ میں قید امریکی قیدیوں کی رہائی اور جنگ کے خاتمے کے لیے وسیع معاہدے تک پہنچنے کے امکان کے حوالے سے حماس کے ساتھ براہ راست بات چیت کر رہی ہے۔ دونوں ذرائع نے یہ بھی اطلاع دی کہ بات چیت میں تمام بقیہ قیدیوں کی رہائی اور طویل مدتی جنگ بندی تک پہنچنے کے وسیع معاہدے پر گفتگو بھی شامل ہے۔ٹرمپ کے یرغمالیوں کیلئے ایلچی ایڈم بوہلر نے حال ہی میں دوحہ میں حماس کے عہدیداروں سے ملاقات کی ہے جس کی حماس نے تصدیق کی ہے۔ حماس کے ایک ذریعے نے العربیہ کو بتایا ہے کہ ہم یرغمالیوں کے امور کیلئے ٹرمپ کے ایلچی کے ساتھ براہ راست بیٹھے تھے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ امریکی یرغمالیوں کے معاملے پر بات چیت آج نہیں بلکہ ہفتے پہلے شروع ہوئی تھی۔



















