برلن:( منور علی شاہد) تین روزہ عالمی سیاحتی میلہ آئی ٹی بی2025(ITB2025) 4 مارچ کو برلن میں شروع ہو گیا۔ سیاحتی میلہ کے پہلے دن پاکستان کی سفیر ثقلین سیدہ نے ”پاکستان پویلین“کا افتتاح کیا،صوبائی سیاحتی حکام کے علاوہ نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے نمائش کنندگان بھی موجود تھے۔
پاکستان پویلین میں سرکاری اور نجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے 16 نمائش کنندگان شرکت کررہے ہیں جنہوں نے پاکستان کے قدرتی مناظر ، آثار قدیمہ کے مقامات ،ایڈونچر سپورٹس اور مذہبی سیاحت سمیت دیگر مختلف مقامات کے اپنے اپنے پیکجز نمائش میں پیش کر رکھے ہیں۔ پاکستان پویلین کے افتتاح کے موقع پر شرکاءکا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کی سفیر محترمہ نے کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے سیاحتی میلہ میں پاکستان کے ثقافتی اور سیاحتی رخ کی نمائندگی ہمیں دنیا کو اپنے خوبصورت مادر وطن سے روشناس کرانے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیاحت کی متنوع لیکن بھرپور صلاحیت اسے دنیا کے منفرد ممالک میں سے ایک بناتی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم وطن عزیز کے حقیقی رنگوں کی جانب زیادہ لوگوں کو راغب کرنے اور سیاحت کی صنعت کو فروغ دینے کیلئے مطلوبہ سہولیات اور کاوشیں ممکن بنائیں۔ انہوں نے مزید یہ بھی کہا کہ اس شرکت کو مزید موثر بنانے کیلئے سفارتخانہ کل (5 مارچ) کو ثقافتی پہلو کو اجاگر کرنے کیلئے ایک ضمنی تقریب کا اہتمام بھی کریگا۔ سفیر پاکستان نے برینڈ پاکستان کوفروغ دینے کیلئے سفارتخانے کی جانب سے ہر ممکنہ تعاون کا بھی یقین دلایا۔ سیاحتی میلہ کے پہلے دن پاکستان پویلین کو زائرین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔
تین روزہ سیاحتی میلہ میں پاکستانی سفارتخانے برلن کی جانب سے لگائے گئے انسٹنٹ پکچر یوتھ اور ڈیجیٹل ٹورازم کارنر نے لوگوں کی توجہ لینے میں کامیابی حاصل کی اور دیکھنے والوں نے پاکستان کی دستکاری ، روایتی پہناووں اور پاکستان کے قدرتی مناظر کو بہت سراہا۔ سیاحتی میلہ کے پہلے دن کے اختتام پر سفیر پاکستان کی جانب سے پاکستان ہاو¿س میں پاکستانی مندوبین، دوستوں اور دیگر شرکاءکے اعزاز میں افطار ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس سہہ روزہ سیاحتی میلہ کا اختتام 6 مارچ کو ہوگا۔
برلن میں3روزہ سیاحتی میلہ میں ”پاکستان پویلین“کا افتتاح



















