دوپہر 12بجے اٹھنے والاشخص روزہ کیسے رکھ سکتا ہے: عظمیٰ بخاری کا عمران پر وار

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہاہے دوپہر 12بجے اٹھنے والاشخص روزہ کیسے رکھ سکتا ہے؟۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹرسیف کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہاعمران،بشریٰ کو جیل میں کھانا نہ دینے کا بیان من گھڑت اور بے بنیاد ہے، دونوں میاں بیوی کو معمول کے مطابق لوازمات مہیا کیے جارہے ہیں، پشاور میں بیٹھے ایک شخص کو خواب آیا ان کے آ قا کو جیل میں کھانا نہیں مل رہا، جو شخص دوپہر 12 بجے اٹھتا ہو وہ روزہ کیسے رکھ سکتا ہے، عمران خان کو ہفتے میں 3 دن گوشت، سبزیاں، دالیں اور چقندر کا جوس مل رہا ہے، کافی، بوائل انڈے اور خشک میوہ جات بھی کھانے کو ملتے ہیں، بشریٰ کا کھانے کو جو دل چاہتا وہ مہیا کیا جاتا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا 2 روز قبل ان کی جماعت کے ترجمان نے بھی بانی پی ٹی آئی کی بیماری سے متعلق جھوٹ بولا، کل پمز کے 4 سینئر ڈاکٹروں کی ٹیم نے آدھا گھنٹے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا، ڈاکٹروں نے بانی پی ٹی آئی کو مکمل صحت مند قرار دیا ہے، جب اس جماعت کے پاس کوئی کارڈ نہیں بچتا تو مظلومیت اور ہمدردی کارڈ کھیلنا شروع کردیتے ہیں۔