بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندی کا سخت ردعمل آئیگا: شیخ وقاص اکرم
پشاور، اسلام آباد، لاہور (بیورو رپورٹ+ کورٹ رپورٹر) پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل شیخ وقاص اکرم نے کہا بانی پی ٹی آئی کی جیل میں ملاقاتوں پر پابندی کا سخت ردعمل آئے گا ،وکلاء، رفقاءاور خاندان کے افراد کو بلا رکاوٹ ملاقاتوں کی اجازت دی جائے، پشاور سول سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا عمران خان کا جیل میں ریگولر چیک اپ کرایا جائے، وکلاء، پارٹی رہنماوں اور خاندان کے افراد کو جیل میں ملاقات سے نہ روکا جائے، 6 ماہ میں صرف ایک بار سیاسی ملاقات کی اجازت دی گئی، بانی پی ٹی آئی کتابیں مانگتے ہیں تو روک لیا جاتا ہے،بانی کو ایسے سیل میں رکھا گیا ہے جہاں دہشتگردوں کو رکھا جاتا ہے، عمران خان مضبوط اعصاب کے مالک ہیں وہ اس قسم کے ہتھکنڈوں سے ٹوٹ نہیں سکتے، قانون کی حدود میں رہتے ہوئے اپنا حق مانگنا چاہتے ہیں، پچھلی بار وکلاءکو بھی 2 کلومیٹر دور روک لیا گیا،ملاقات کیلئے نہیں جانے دیا گیا، مرکزی سیکرٹری جنرل نے مزید کہا ایک سابق وزیراعظم گزرے ہیں ان کوملاقاتوں کیلئے مرضی کے ہال مہیا تھے، جیل حکام بانی کیلئے اخبارات بھی روک لیتے ہیں، بانی سے اہلیہ کی ملاقاتیں بھی 2 بار کینسل کی گئیں، عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی پر شدید تشویش ہے، حکومت بانی سے ملاقاتوں پر پابندی لگا کر کیا حاصل کرنا چاہتی ہے،مزید برآں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے عمر ایوب اور تحریک انصاف کے دیگر رہنماوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے،جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد خان نے بیرسٹر گوہر خان، عمر ایوب و دیگر کےخلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے مقدمات کی سماعت کی،عدالت نے دوران سماعت عمر ایوب، عامر ڈوگر اور عامر مغل کے عدم حاضری پر وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے جبکہ شعیب شاہین اور بیرسٹر گوہر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی، عدالت نے سماعت 23 اپریل تک ملتوی کر دی،دریں اثناءخصوصی عدالت نے پی ٹی آئی کے 56 کارکنوں کی درخواست ضمانت منظور کر لی،انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے پی ٹی آئی کارکنوں کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا، پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے سردار مصروف ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے،قبل ازیں خصوصی عدالت نے 9مئی جناح ہاوس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے کے 3 مقدمات میں شاہ محمود قریشی سمیت پی ٹی آئی رہنماوں اور کارکنوں پر ترمیمی فرد جرم عائد کردی گئی، جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں مقدمے کی سماعت کی، ملزموں نے ترمیمی فرد جرم کی صحت جرم سے انکار کر دیا،شاہ محمود قریشی، عمر سرفراز چیمہ اور ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر زیر حراست ملزموں کی حاضری مکمل کی گئی،عدالت میں عالیہ حمزہ ،صنم جاوید اور خدیجہ شاہ سمیت دیگر ملزم بھی پیش ہوئے، عدالت نے 6 مارچ کو گواہوں کو بیان ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کر لیا۔



















