بے ہنگم ٹریفک سے جینا حرام ،ٹریفک پولیس اہلکار فرائض کی ادائیگی سے لاپرواہ

لاہور (حافظ کاشف سندھو سے ) تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں ٹریکٹر ٹرالیوں سمیت ہیوی ٹریفک نے شہریوں کا جینا حرام کر دیا،بھاری گاڑیوں کی زد میں آ کر متعدد شہری اور بچے حادثات کا شکار ہو چکے ہیں۔شام ہوتے ہی شہر کی سڑکوں خصو صاً ضلع کچہری چوک سے ٹریکٹر ٹرا لیوں، مزدے سمیت ہیوی ٹریفک کی آمدو رفت شروع ہوجاتی ہے جن کے ڈرائیور حضرات ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنا اپنی شان تصور کرتے ہیں یہ کسی ٹریفک سگنل کا خیال کرتے ہیں نہ ہی کسی موٹر سائکل سوار یا رکشے کا جبکہ ٹریفک پولیس کے اہلکاران ان کو روکنے کی بجائے رات کے وقت سڑک کنارے بیٹھے موبائل کا استعمال کرتے رہتے ہیں ہیوی گاڑیوں کے ڈرائیور حضرات کی ٹریفک سگنلز کی خلاف ورزی اور ٹریفک پولیس کی مبینہ غفلت کی وجہ سے اس چوک میں بہت سے حادثات ہو نے کی وجہ سے سیکڑوں شہری اپنی جانیں گنوا چکے ہیں ٹریفک پولیس کے ذمہ داران کی اس حساس چوک جس کے قریب ڈی آئی جی آفس ،سول سیکرٹریٹ،ضلع کچہری اور بہت سے سرکاری دفاتر ہیں پہ توجہ نہ دینا اور غفلت سمجھ سے بالا تر ہے۔ شہریوں کا سی ٹی او لاہور اطہر وحید سے نوٹس لینے کا مطالبہ لاہور شہر میں تیز رفتار ڈمپروں، ٹرکوں، ٹریکٹر ٹرالیوں نے علاقہ مکینوں کا سکون غارت کر دیا ہے، سڑک پر سے گزرنے والی بھاری گاڑیوں کے باعث حادثات روزانہ کا معمول بن چکے ہیں، نصف درجن سے زائد افراد جن میں معصوم بچے بھی شامل ہیں ڈمپروں، ٹریکٹروں،ٹرالیوں کی زد میں آ کر جان کی بازیاں ہار چکے ہیں گھنٹوں ٹریفک جام رہنا روزانہ کا معمول بن چکا ہے۔ متعددمرتبہ ہیوی ٹریفک کے چلنے پرپابندی عائد کی گئی لیکن عمل درآمد آج تک نہیں ہو سکا۔ دوسری جانب لاہور میں یتیم خانہ،سمن آباد،چوبرجی ،داتا دربار،بتی چوک ،شاہدرہ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر درجنوں چنگ چی رکشوں کے ڈرائیورز سڑک کے عین وسط میں رکشے کھڑے کرکے سواریوں کا انتظار کرتے دکھائی دیتے ہیں جس کیوجہ سے اکثر و بیشتر ٹریفک جام رہتی ہے۔چنگ چی رکشہ ڈرائیوں نے جنگل کا قانون نافذ کر رکھاہے۔ اگر کوئی چھوٹی یا بڑی گاڑی میں سوار مسافر رکشہ ڈرائیوروں کو راستہ کھولنے کی بابت کہے تو رکشہ ڈرائیورز گندی گالیاں اور لڑائی جھگڑا کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کمشنر لاہور ، سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں رات 12 بجے سے پہلے بھاری گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی عائد کرکے اس پر عمل کروایا جائے اور چنگ چی مافیا کے زیر قبضہ سڑکوں کو خالی کروا کہ ان کیلئے ایک جگہ مختص کرکے ٹریفک کا نظام بہتر بنایا جائے۔