اسلام آباد (بیورو رپورٹ) فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے ریمارکس دئیے اگر آرٹیکل 245والی دلیل مان لیں تو فوج اپنے اداروں کا دفاع کیسے کریگی؟ آرٹیکل 245 کا حوالہ تو کیس میں غیر متعلقہ ہے، جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ نے کیس کی سماعت کی، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس علی مظہر اور جسٹس حسن اظہر رضوی بنچ میں شامل تھے، جسٹس مسرت ہلالی ،جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شاہد بلال حسن بھی بنچ کا حصہ تھے، بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا آرمی ایکٹ کالعدم ہوگیا تو بھی انسداد دہشتگردی کا قانون موجود ہے، ایک سے زائد فورمز موجود ہوں تو دیکھنا ہوگا ملزم کے بنیادی حقوق کا تحفظ کہاں یقینی ہوگا، آئین کا آرٹیکل 245 فوج کو عدالتی اختیارات نہیں دیتا،جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کیا پارلیمنٹ پر حملہ ہوتو پارلیمنٹ ٹرائل کےلئے الگ عدالت بنائے گی؟ کیاکورٹ مارشل عدالتی کارروائی نہیں ہوتا؟ ، وکیل بانی پی ٹی آئی نے کہا کورٹ مارشل عدالتی اختیار ہوتا ہے لیکن صرف فوجی اہلکاروں کیلئے سویلینز کیلئے نہیں،جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس میں کہا سویلینز کی ایک کیٹیگری بھی آرمی ایکٹ کے زمرے میں آتی ہے، یہ تفریق کیسے ہوگی کونسا سویلین آرمی ایکٹ میں آتا ہے اور کون نہیں، آرٹیکل 245 کا حوالہ تو اس کیس میں غیر متعلقہ ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا آئین میں فوج کو دو طرح کے اختیارات دیئے گئے ہیں، ایک اختیار دفاع کا ہے اور دوسرا سول حکومت کی مدد کرنے کا،جسٹس امین الدین خان نے استفسار کیا آرٹیکل 245 والی دلیل مان لیں تو فوج اپنے اداروں کا دفاع کیسے کرے گی؟ جی ایچ کیو پر حملہ ہو تو کیا آرٹیکل 245 کے نوٹیفکیشن کا انتظار کیا جائے گا؟،جسٹس نعیم اختر افغان نے استفسار کیا اگر فوجی اور سویلین مل کر آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کریں تو ٹرائل کہاں ہوگا؟ ایڈووکیٹ عذیر بھنڈاری نے جواب دیا ایسی صورت میں ٹرائل انسداد دہشتگردی عدالت میں ہی ہوگا،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس میں کہا آرمی ایکٹ بنانے کا مقصد کیا تھا یہ سمجھ آ جائے تو آدھا مسئلہ حل ہوجائے گا، آئین میں اس کو واضح لکھا ہے کہ آرمڈ فورسز سے متعلقہ قانون،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے سویلین آفیسر کیخلاف تادیبی کارروائی میں سزا کا اختیار نہیں دیا گیا، ملٹری کورٹ میں سزا کا اختیار دیا گیا ہ، آرمی آفیسر چھٹی پر جرم سرزد کرے تو ٹرائل کہاں ہوگا، کیا ملٹری کورٹ کا اختیار بہت وسیع ہے یا محدود ہے، کراچی میں رینجرز اہلکاروں کا ٹرائل سول کورٹ میں ہوا،بعدازاں عدالت نے ملٹری ٹرائل کیس کی سماعت آج تک ملتوی کردی۔
آرٹیکل 245 والی دلیل مان لیں تو فوج اپنے اداروں کا دفاع کیسے کریگی؟ آئینی بنچ



















