اسلام آباد (بیورورپورٹ) جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیئے بین الاقوامی اصولوں میں کہیں نہیں لکھا سویلینز کا کورٹ مارشل نہیں ہو سکتا۔
فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ملٹری ٹرائل کے فیصلوں کےخلاف انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ نے کی،9 مئی کے واقعہ میں ملوث مجرم ارزم جنید کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے اپنے دلائل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا جو کہنا چاہتا ہوں وہ کہنے دیں ، سادہ لفظوں میں بات کروں تو سویلینز کے بنیادی حقوق ختم کر کے کورٹ مارشل نہیں کیا جا سکتا۔
جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا اگر بین الاقوامی اصولوں پر عمل نہ کیا جائے تو نتیجہ کیا ہو گا؟، سلمان اکرم راجہ نے جواب دیا بین الاقوامی اصولوں پر عمل نہ کرنے کا مطلب ہے ٹرائل شفاف نہیں ہوا،جسٹس جمال مندوخیل نے سوال اٹھایا کوئی ملک اگر بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو تو کیا ہو گا؟ سلمان اکرم راجہ نے جواب دیا کچھ عدالتیں بین الاقوامی اصولوں کو ماننے کی پابندی ہوتی ہیں اور کچھ نہیں، شفاف ٹرائل کا آرٹیکل 10 اے بین الاقوامی اصولوں کی روشنی میں ہی آئین کا حصہ بنایا گیا۔
جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیئے بین الاقوامی اصولوں میں کہیں نہیں لکھا سویلینز کا کورٹ مارشل نہیں ہو سکتا،جسٹس علی مظہر نے کہا فیڈلی کی فائرنگ سے بھی ایک ٹی وی ٹوٹ گیا تھا، 9 مئی واقعات میں بھی ایک ٹی وی توڑا گیا،جسٹس امین الدین خان نے وکیل سلمان اکرم راجہ سے کہا انفرادی باتیں نہ کریں، جسٹس جمال خان مندوخیل نے سلمان اکرم راجہ سے استفسار کیا کیا آپ نے فیڈلی سے ملاقات بھی کی؟،جسٹس نعیم اختر افغان نے مسکراتے ہوئے ریمارکس دیئے نہیں سلمان اکرم راجہ نے پاکستانی فیڈلی سے ملاقات کی ہے،جسٹس حسن اظہر رضوی نے وکیل سلمان اکرم راجہ سے سوال کیا آپ نے کہا میرا موکل فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلتا تھا، 9 مئی والے دن وہ کرکٹ کھیلنے تو نہیں گیا تھا ناں؟،جسٹس علی مظہر نے سوال کیا جس قانون کے تحت کلبھوشن کو اپیل کا حق دیا گیا وہ قانون کیا ہمارے سامنے ہے؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمن نے کہا میں وہ قانون ریکارڈ پر لے آو¿ں گا، جسٹس علی مظہر نے استفسار کیا کیا وہ قانون محض کلبھوشن کےلئے لایا گیا؟،بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل عزیر بھنڈاری نے کہا ایسے جاسوس جنہیں عالمی عدالت انصاف سے اجازت ہو اسے اپیل کا حق ہے، جسٹس جمال خان مندوخیل نے سوال کیا یہاں اور کتنے کلبھوشن ہیں؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمن نے کہا کلاسیفکیشن کی اجازت تو ایف بی علی میں بھی موجود ہے،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دئیے جسٹس منیب اختر نے تو اکثریتی فیصلے میں فوجی عدالتوں کو متوازی عدالتی نظام تصور کیا ہے، فوجی عدالتوں کی ایک تاریخ ہے، تاریخ کی بنیاد پر آئین کی تشریح کرنے کے نتائج انتہائی خوفناک ہوں گے یہ آئین کو پڑھنے کا انتہائی خطرناک طریقہ ہے،بعدازاں سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے سماعت ملتوی کر دی۔
بین الاقوامی اصولوں میں کہیں نہیں لکھا سویلینز کا کورٹ مارشل نہیں ہو سکتا: آئینی بنچ



















