لاہور (کرائم رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت فتنہ الخوارج، کچے کے ڈاکوﺅں کے خلاف آپریشن میں تیزی کیلئے پنجاب پولیس کی تیاریاں جاری ہیں ،50سے زائد جدید ٹیلی کمیونی کیشن آلات کی خریداری حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق فتنہ الخوارج، کچے کے ڈاکوﺅں سے مقابلے کیلئے سی ٹی ڈی اور بارڈر ایریا پولیس کیلئے مزید 25بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری شروع ہو گئی ہے۔فتنہ الخوارج کے خلاف پنجاب پولیس کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے 26جدید تھرمل سرویلنس سولیوشن اور تھرمل رائفلز سکوپ خریدے جارہے ہیں، جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ 60سے زائد ڈرونز بھی خریدے جا رہے ہیں۔ اس حوالے سے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ کچے کے علاقے میں ڈاکوﺅں اور شرپسند عناصر کو کیفرکردار تک پہنچا کر دم لیں گے، بین الصوبائی پولیس چیک پوسٹوں پر ہمارے جانباز دہشت گردوں کے آگے سیسہ پلائی دیوار ہیں، سرحدی چوکیوں کو مضبوط کرکے جدید ٹیکنالوجی، تھرمل کیمروں سے اَپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے بہادر جوان ڈی جی خان، میانوالی میں فتنہ الخوارج کے حملوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں، فتنہ الخوارج، کچے کے ڈاکو و ملک دشمن عناصر کو شکست دینے کیلئے ہمارا ہر سپاہی سربکف ہے۔
کچے کے علاقے میں ڈاکوﺅں، شرپسند عناصر کو کیفرکردار تک پہنچا کر دم لیں گے :آئی جی



















