سپر سیڈرز کے شاندار نتائج ،کاشتکاروں نے چند ماہ میں 57کروڑ سے زائد کمالیے


لاہور: (اپنے رپورٹر سے)پنجاب میں سپر سیڈرز کے استعمال سے شاندار نتائج برآمد،سموگ میں کمی،گندم کی زیادہ بوائی سے زیادہ پیداوار متوقع ،تمام عوامل سے کاشتکار خوشحال ہورہاہے۔

سپر سیڈرز کے استعمال سے ایک ہزار کاشتکاروں نے چند ماہ میں 57کروڑ 95لاکھ کمالیے،صوبے بھر میں گندم کی کاشت میں سپر سیڈرز کے ذریعے330ٹن بیج کی بچت ہوئی ،روایتی طریقہ کار کے مقابلے میں 18لاکھ 70ہزار لٹر ڈیزل کا کم استعمال ہوا،سپر سیڈرز سے کاشت پر ڈیزل کے استعمال میں 48کروڑ 62لاکھ،گندم کی بوائی پر فی ایکڑ3666کی بچت ہوئی ، 31اضلاع میں 7805کاشتکاروں کی جانب سے سپر سیڈرز کے ذریعے110014 ایکڑ اراضی پر گندم کی کاشت کی گئی، 7805 کسانوں نے 68,185 ایکڑ پر رینٹل سروس کے ذریعے سپر سیڈرز استعمال کیے،93فیصد کاشتکاروں نے سپر سیڈرز سے کاشت پر گندم کے اگاوکو بہترین قرار دےدیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے سپر سیڈرز سے بوائی کے نتائج پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہا ایگریکلچر میکانائزیشن صرف آغاز ہے،سپر سیڈرز سے بوائی پر 100 روپے فی ایکڑمزدوری کی مد میں بچت ،بیج کے استعمال میں 50 کلو سے 47 کلو فی ایکڑ کمی ہوئی، زراعت میں مزید انقلابی اقدامات کریں گے،سپر سیڈرز سے زراعت میں جدت کا خواب حقیقت بن رہا ہے، لیبر کاسٹ، وقت اور ایندھن کی بچت سے کسانوں کو بڑا ریلیف ملا،مشن کسانوں کی خوشحالی، زراعت میں جدت و ترقی ہے،پنجاب کو جدید زرعی ٹیکنالوجی کا مرکز بناناعزم ہے، پیداواری لاگت میں کمی اور زیادہ منافع حکمت عملی کا حصہ ہے۔