اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پاکستان نے ٹرمپ مودی ملاقات کے مشترکہ اعلامیے میں پاکستان کے حوالے کو یکطرفہ، گمراہ کن اور سفارتی اقدار کے منافی قرار دیتے ہوئے بھارت کو جدید ہتھیاروں کی فراہمی کے اعلان پر تشویش کا اظہار کردیا۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا امریکی اقدام سے جنوبی ایشیا کے امن میں عدم استحکام پیدا ہو گا، بھارت امریکہ مشترکہ بیان غلط ،بے بنیاد ہے،دہشتگردی سے متاثرہ ملک کے طور پر پاکستان دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کا خواہاں ہے،بھارت عوامی حقوق کی پامالی کا جواب دینے میں ناکام رہا، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔
شفقت علی خان نے کہاوزیر خارجہ اسحاق ڈار سلامتی کونسل اجلاس میں شرکت کےلئے 18 فروری کو نیویارک جائیں گے،پاکستان ،امریکہ کے دیرینہ تعلقات ہیں، امریکہ کی جانب سے غیر قانونی تارکین وطن واپسی کا معاملہ باہمی رابطے کا حصہ ہے، کوئی بھی ملک غیر قانونی تارکین وطن کو واپس بھیج سکتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں 2 نوجوانوں کو شہید کیے جانے اور شہدا کی جائیدادوں پر قبضے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کشمیری عوام کو اقوام متحدہ اصولوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیے، لیبیا کشتی حادثے میں مرنے والے 16 افراد کی شناخت ہوچکی ، پاکستانی سفارتخانہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، متحدہ عرب امارات سے تاریخی دوست ہے، پاکستانی شہریوں کےلئے یو اے ای کے ویزوں پر کوئی پابندی نہیں، 18 لاکھ پاکستانی متحدہ امارات میں رہ رہے ہیں۔
شفقت علی خان نے کالعدم ٹی ٹی پی کی افغانستان میں موجودگی سنگین مسئلہ ہے، پاکستان مسلسل افغانستان سے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کا مطالبہ کرتا ہے،اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے فلسطینیوں کو سعودی عرب بھیجنے کے بیان کو یکسر مسترد کرتے ہیں،پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کا خواہاں ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہاوزیر اعظم کی دعوت پر ترکیہ کے صدر طیب اردوان نے 2 روزہ سرکاری دورہ کیا، ترکیہ کے صدر کا وزیراعظم ،صدر مملکت نے پرتپاک استقبال کیا، دورے کے دوران ترکیہ پاکستان کوآپریشن کونسل کا ساتواں اجلاس ہوا،سیشن کے اختتام پر ایم او یوز ،معاہدوں پر دستخط کیے گئے، ترکیہ کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں۔
شفقت علی خان نے کہا ترک صدر نے قبرص معاملے پرپاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا، ترکیہ ، پاکستان کے درمیان صدیوں پرانے ،گہرے، مذہبی، تہذیبی، ثقافتی اور تاریخی تعلقات کو مزید تقویت دینے پر زور دیا گیا، مشکل وقت میں دونوں ممالک کے عوام ،حکومتوں کی آزمائشی اور مثالی بھائی چارے کی مثالیں موجود ہیں۔
ٹرمپ مودی اعلامیہ گمراہ کن اور سفارتی اقدار کے منافی ہے،پاکستان



















