7سپریم کورٹ ججز،3ہائیکورٹس کے قائم مقام چیف جسٹس صاحبان نے حلف اٹھا لیا

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)7سپریم کورٹ ججز،اسلام آباد، پشاور ،سندھ ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس صاحبان نے حلف اٹھا لیا۔

6 نئے مستقل ججز اور ایک قائم مقام جج کی تقریب حلف برداری سپریم کورٹ میں پہلی بار عدالتی احاطے کے لان میں ہوئی، تمام ججز سے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے حلف لیا،حلف اٹھانے والے 6 مستقل ججز میں جسٹس عامر فاروق، جسٹس اشتیاق ابراہیم، جسٹس شکیل احمد، جسٹس شفیع صدیقی، جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس ہاشم کاکڑ شامل ہیں،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب سے قائم مقام جج کے عہدے کا حلف لیاگیا،تقریب میں سپریم کورٹ ، ہائیکورٹ کے ججز، اٹارنی جنرل ،وکلا،ججز کے اہلخانہ نے بھی شرکت کی۔

بعدازاں نئے ججز کے اضافے کےساتھ سنیارٹی لسٹ اپڈیٹ کر دی گئی،سنیارٹی لسٹ کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے بعد جسٹس منصور علی شاہ سینئرترین جج ہوں گے، جسٹس منیب اختر دوسرے، جسٹس امین الدین خان تیسرے، جسٹس جمال مندوخیل چوتھے ،جسٹس علی مظہر پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

جسٹس عائشہ ملک کا سنیارٹی میں چھٹا، جسٹس اطہر من اللہ ساتویں، جسٹس حسن اظہر رضوی آٹھویں،جسٹس شاہد وحید نویں، جسٹس مسرت ہلالی دسویں، جسٹس عرفان سعادت 11ویں،جسٹس نعیم اختر افغان بارہویں، جسٹس شہزاد ملک 13ویں ،جسٹس عقیل عباسی 14ویں،جسٹس شاہد بلال حسن 15ویں،جسٹس ہاشم کاکڑ 16 جسٹس شفیع صدیقی سترہویں، جسٹس صلاح الدین پنہور اٹھارہویں نمبر پر ہیں،جسٹس شکیل احمد کا سنیارٹی میں انیسواں، جسٹس عامر فاروق کا بیسواں، جسٹس اشتیاق ابراہیم کا اکیسواں ، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب بائیسویں، جسٹس سردار طارق 23ویں،جسٹس مظہر عالم میاں خیل سنیارٹی لسٹ میں 24ویںنمبر پر ہیں۔

دوسری جانب جسٹس سرفراز ڈوگر نے بطور قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ، قائم مقام چیف جسٹس پشاورہائیکورٹ جسٹس سید عتیق شاہ اور قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس جنید غفار نے حلف اٹھالیا،صدر آصف زرداری نے جسٹس سردار سرفراز ڈوگر سے حلف لیا،سادہ اورپروقار حلف برداری تقریب میں وکلا ، حکام و دیگر نے شرکت کی۔

پشاور ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عتیق شاہ سے گورنرکے پی فیصل کریم کنڈی نے حلف لیا،تقریب میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور بھی شریک رہے،قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس جنید غفار سے گورنر کامران ٹیسوری نے حلف لیا۔