شیر افضل مروت پارٹی سے فارغ،بیرسٹرسیف سے صوبائی عہدہ چھن گیا

اسلام آباد،پشاور:(بیورورپورٹ)بار بار ڈسپلن کی خلاف ورزی،بانی پی ٹی آئی عمران خان نے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکال دیا۔

ذرائع کے مطابق صوابی جلسے میں غیرضروری تقریر پر عمران خان نے شیر افضل مروت پر اظہار برہمی کیا، پارٹی رہنما جلد شیرافضل مروت کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے، بنیادی رکنیت ختم ہونے پر شیر افضل مروت سے بطور ایم این اے استعفیٰ مانگا جائے گا،شیرافضل مروت کے صوابی جلسے میں کردار پر رہنماوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے شکایت کی تھی،شیر افضل مروت کو بار بار پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر پارٹی سے نکالا گیا۔

ادھر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کے فیصلے سے لاعلم نکلے،بیرسٹر گوہر نے کہا میرے پاس ایسی کوئی اطلاعات نہیں آئیں، پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے،بانی پی ٹی آئی کے احکامات پرفوری عمل درآمد کرتا ہوں، حکومت پہلے بھی نہیں چاہتی تھی مذاکرات ہوں،بدقسمتی ہے بات چیت کا موقع ضائع کیا گیا۔

دوسری جانب بیرسٹرسیف کو پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری اطلاعات کے عہدے سے ہٹا دیا گیا،جنید اکبر نے پارٹی کی صوبائی جنرل سیکرٹری اطلاعات کا عہدہ ملک عدیل اقبال کو سونپ دیا ،ڈپٹی سیکرٹری کی ذمہ داری ذیشان ایڈووکیٹ کو تفویض کر دی گئی،دونوں ممبران کی تعیناتی کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔