گیس قیمتوں میں اضافہ ظلم، افسران کی تمام عیاشیاں ختم کی جائیں: تاجر برادری

لاہور( رپورٹ: نعیم جاوید ) گیس کے بل بجلی کے بلوں سے بھی دوگنا زیادہ آ گئے، مہنگائی کی ماری عوام کی چیخیں نکل گئیں۔ سوئی نادرن گیس پائپ لائن کمپنی نے بلوں میں ٹیکسوں میں مزید اضافہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے ایک طرف سردیوں میں بجلی کے بلوں میں کمی کا اعلان کر کے گیس کے بل ناقابل برداشت بھجوا دیئے جس میں گیس کی قیمت کے علاوہ فکس چارجز سیکورٹی چارجز کرایہ میٹر اور جنرل سیل ٹیکس شامل ہے عوام اور کاروباری برادری نے محکمہ سوئی گیس کو ختم کر کے گیس سپلائی اتھارٹی بنانے کا مطالبہ کردیا۔ روزنامہ ”مشرق“ لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے آل پاکستان انجمن تاجران کے سینئر رہنما وقار احمد میاں، ملک کلیم، میاں سلیم، قومی تاجر اتحاد کے سید ممتاز حسین بخاری، ایم ایم عالم روڈ کے جنرل سیکرٹری عمر قریشی نے کہا کہ بجلی کی قیمت کی کسر گیس کے بھاری بھر کم بلوں سے نکالنا سراسر ناانصافی ہے۔ اگر ملک میں گیس کے ذخائر کم ہوگئے ہیں تو ایم ڈی سمیت افسران کی فوج موج ظفر کی عیاشیاں ختم کرنا وقت کا تقاضا ہے۔ وقار احمد میاں اور دیگر تاجروں نے مطالبہ کیا کہ سوئی نادرن گیس پائپ لائنز محکمہ ختم کر کے گیس سپلائی اتھارٹی بنائی جائے۔ سابق افسران کی پنشن ختم اور موجودہ افسران کو فارغ کر کے صرف ٹیکنیکل سٹاف پر مبنی محدود ملازمین رکھے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ گیس خسارہ عوام کی بجائے گیس چوری کروانے والے افسران سے پورا کیا جائے۔