فضل الرحمن سے ملاقات،نجکاری کے عمل میں تعطل برداشت نہیں:وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر اعظم شہباز شریف نے نجکاری کے عمل کی معینہ مدت میں تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا نجکاری کے عمل کی خود نگرانی کر رہا ہوں،کوئی تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا۔

سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل و نگرانی کیلئے بنائے گئے ٹاسک مینجمنٹ سسٹم پر منعقدہ جائزہ اجلاس میں بریفنگ دی گئی وفاقی حکومت کے اداروں کی نجکاری کو 3مرحلوں میں تقسیم کیا گیا ، پہلے مرحلے میں10اداروں ، دوسرے مرحلے میں 13،تیسرے مرحلے میں باقی ماندہ اداروں کی نجکاری یقینی بنائی جائے گی۔

شہبازشریف نے معینہ مدت میں نجکاری کے عمل کی تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاپاکستان کی ترقی کےلئے سب کو ملکر کام کرنا ہے، پاکستانی عوام کے قیمتی وسائل کا نقصان کرنے والے اداروں میں مزید ضیاع کی اجازت نہیں دوں گا،ملکی اداروں کی نجکاری حکومت کے اڑان پاکستان اقدام کا حصہ ہے،حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ کاروبار و سرمایہ کاری کےلئے پالیسی، اقدمات اور سہولت فراہم کرنا ہے۔

وزیراعظم نے کہابروقت ضروری اصلاحات ہی سے معاشی بہتری کی جانب تیزی سے گامزن ہیں،متعین کردہ اداروں کی نجکاری کے عمل کو شفافیت پر سمجھوتہ کئے بغیر تیز کیا جائے،نجکاری کے عمل میں قانونی رکاوٹوں کو دور کرنے کےلئے اچھی شہرت کے وکلا کی خدمات لی جائیں،نجکاری کے عمل کی خود نگرانی کر رہا ہوں، کسی قسم کا تعطل قبول نہیں۔

دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف نے سربراہ جے یو آئی فضل الرحمن سے ملاقات کی ،وفاقی وزرا عطا تارڑ،احسن اقبال،غفور حیدری ودیگر بھی موجود تھے،ملاقات میں سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔