مردان،پشاور:(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا ہے ٹھیک کو ٹھیک اور غلط کو غلط کہہ سکتا ہوں، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بھی درست بات نہ مانی تو صدارت چھوڑ دوں گا۔
مردان میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے جنید اکبر نے کہامانتا ہوں پارٹی میں متعدد گروپس ہیں، 8 فروری کو پاکستان کا مینڈیٹ چوری کیا گیا،اداروں کے ساتھ بات کرنے کا حامی ہوں، ایک ہاتھ بڑھایا تو دو بڑھائیں گے، ماضی میں کی گئی غلطیوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں،شرافت کی زبان سمجھتے ہیں، بدمعاشی کی تو بد معاشی کریں گے۔
دریں اثنا پی ٹی آئی پختونخوا کے صدر نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے ملاقات کی ،8 فروری کے صوابی جلسے کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے جنید اکبر کو جلسے کیلئے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا8 فروری کو صوابی انٹرچینج کے قریب خیبر پختونخوا کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔
عمران خان نے بات نہ مانی تو صدارت چھوڑ دونگا، جنید اکبر



















