مہنگائی میں کمی بہتری کااشارہ،ترقی کی رفتار بڑھنا خوشگوار تبدیلی کی علامت ہے،نواز


لاہور: (اپنے رپورٹر سے)سابق وزیراعظم وقائد ن لیگ نواز شریف نے کہا ہے مہنگائی میں کمی معاشی بہتری کااشارہ،ترقی کی رفتار بڑھنا خوشگوار تبدیلی کی علامت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نوازکے ہمراہ پنجاب اسمبلی کے اراکین سے ملاقات کے دوران کیا۔

نواز شریف نے کہا سٹاک ایکسچینج کی بلندی کاروباری اور سرمایہ کار برادری کے اعتماد کی جھلک ہے،پاکستان کو پستی کی طرف دھکیلا گیا ،ٹھہراﺅ آنا خوش آئند ہے،وزیراعظم شہباز شریف وفاق میں بڑی محنت کررہے ہیں، مریم نوازوزیراعلیٰ سے بڑھ کر پنجاب میں ماں اور بیٹی کے جذبے سے کام کررہی ہے۔

اراکین اسمبلی نے پنجاب میں ترقیاتی کاموں ، عوامی منصوبوں پر وزیراعلیٰ مریم نوازکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا میاں صاحب آپ مریم نوازجیسی بہادر ، لائق بیٹی پر جتنا فخرکریں کم ہے، نوازشریف کا نام لگا ہے تو برکت ہی برکت ہے،مریم نواز ایک سال میں ہر طبقے کی بحالی کے پروگرام لائیں، لوگ دعائیں دے رہے ہیں۔

مریم نوازنے اراکین پنجاب اسمبلی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا قائد نوازشریف کی بیٹی ہونے اور وزیراعظم شہبازشریف کی مثالی عوامی خدمت کے حوالے سے زیادہ ذمہ داری محسوس کرتی ہوں، آپ سب کی رہنمائی اور اعتماد ہی قوت ، کامیابی کی کلید ہے، عوامی خدمت کے معیار و رفتار کے ذریعے ماضی کی روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔