ملک بھر میں آج کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن منایا جا رہا ہے

اسلام آباد (مشرق نیوز) کشمیری عوام کی بھارتی تسلط و ظلم کیخلاف لازوال جدوجہد آزادی اور قربانیوں کا اعتراف، ملک بھر میں آج کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن منایا جا رہا ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر پر حکومت پاکستان کی جانب سے آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے، شہر شہر جلسے، جلوس، ریلیاں، سیمینار اور کانفرنسز کا انعقاد کر کے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جا رہا ہے، دنیا بھر میں مقیم پاکستانی بھی کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں۔

کوہالہ پل کے مقام پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیا گیا، سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اسلام آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے دفتر خارجہ سے ڈی چوک تک ریلی نکالی گئی جس میں وفاقی وزرا، دفترخارجہ کے حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد اور سویٹ ہوم کے بچوں نے شرکت کی، شرکا نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پوسٹرز اور بینرز اٹھائے کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے۔