نیا این ایف سی ایوارڈ نہ ملنا زیادتی، آرمی چیف کی یقین دہانی پر سپریم کورٹ نہیں جا رہے: وزیر اعلیٰ کے پی

پشاور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے آرمی چیف سے مسائل پر بات ہوتی ہے کیونکہ اسٹیبلشمنٹ ہر کام میں شامل ہے، آرمی چیف نے این ایف سی ایوارڈ کا اجلاس بلانے کی یقین دہانی کرائی ہے اس لئے اب سپریم کورٹ نہیں جارہے،پشاور میں پی ٹی آئی کے ترجمان شیخ وقاص اکرم کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے چیلنج کیا ہمارے صوبے میں سب سے زیادہ کام اور نفع ہورہا ہے، آپ باقی تین صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو بلا کر کارکردگی کا جائزہ لے سکتے ہیں، باقی صوبوں میں وزرائے اعلیٰ کی کرپشن کے حوالے سے بات ہورہی ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں ایسا نہیں اور میں نے خود بھی کرپشن روکنے کیلئے اختیار چیف سیکرٹری کو دیا ہوا ہے وہ جب دل چاہے کسی کو بھی بلا کر جواب دطلب کرسکتے ہیں،علی امین گنڈاپور نے کہا ہمیں نیا این ایف سی ایوارڈ نہیں دیا گیا جو زیادتی ہے، نیا این ایف سی آیا تو فاٹا کی وجہ سے 130 سے 150 ارب زائد ملیں گے، میں نے ملاقات میں آرمی چیف سے کہا تھا نیا این ایف سی بلائیں ورنہ پھر ہم سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے جس پر انہوں نے اجلاس بلانے کی یقین دہانی کرائی تو ہم نے عدالت جانے کا فیصلہ مو¿خر کردیا،وزیراعلیٰ نے الزام عائد کیا صوبے میں کئی پارٹیوں کی حکومتیں رہیں اسی وجہ سے خیبرپختونخوا خراب ہوگیا،گنڈا پورنے واضح کیا وہ پی ٹی آئی کےلئے متحرک کردار ادا کریں گے اور 8 فروری اجلاس کے حوالے سے بھی متحرک طور پر نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ مینڈیٹ چوری کرکے بیٹھے ہیں جبکہ ہم توعمران خان کی رہائی اوراپنی پارٹی کے لیے جنگ لڑرہے ہیں۔