بیرون ملک جاکر بھیک مانگنا بھی انسانی سمگلنگ میں شامل،بل سینٹ میں پیش

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)بیرون ملک جاکر بھیک مانگنا بھی انسانی سمگلنگ میں شامل، جرمانے اور سزا کا بل سینٹ میں پیش کردیا گیا،ترمیمی بل کے مطابق منظم بھیک مانگنے کا مطلب فراڈ، زور زبردستی سے بھیک منگوانے یا خیرات لینا ہے،دھوکہ دہی، زبردستی، ورغلا کر یا لالچ دےکر خیرات لینا بھی بھیک کے زمرے میں آتا ہے،کسی عوامی مقام پر خیرات مانگنا یا وصول کرنا بھی بھیک کہلاتا ہے، قسمت کا حال بتا کر، کرتب دکھا کر بھیک مانگنا بھی منظم بھیک مانگنا ہے، منظم بھیک مانگنے سے مراد بہانے سے اشیاءفروخت کرنا بھی ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے پیش کیے گئے ترمیمی بل میں کہا گیا گاڑیوں کی کھڑکیوں پر دستک دینا، زبردستی گاڑیوں کے شیشے صاف کرنا بھی منظم بھیک ہے، روزگار کے بغیر گھومتے رہنا اور تاثر دینا کہ گزارا بھیک پر ہے یہ بھی منظم بھیک ہے، منظم بھیک مانگنے سے مراد کسی نجی احاطے میں داخل ہو کر بھیک مانگنا اور خیرات لینا ہے،بل میں کہا گیا ہے کسی زخم، چوٹ، بیماری، معذوری یا نقص کو دکھا کر بھیک حاصل کرنا بھی منظم بھیک ہے، خود کو بطور نمائش استعمال ہونے دینا کہ بھیک یا خیرات لینے میں سہولت ہو یہ بھی منظم بھیک ہے، منظم بھیک مانگنے، پناہ دینے یا منتقلی پر 7 سال تک قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ ہو گا۔

ترمیمی بل میں کہا گیا پاکستانی سفارتی مشنز نے بھیک مانگنے والوں کا ذکر کیا ہے، کچھ پاکستانی حج، عمرہ، زیارت یا ذاتی دوروں میں بھیک مانگنے لگتے ہیں، ان ممالک نے زور دیا ہے ایسے افراد کےخلاف سخت کارروائی کی جائے،بل کے مطابق ملوث ایجنٹ اور گینگ آسانی سے قانونی کارروائی سے بچ جاتے ہیں، بچنے کی وجہ بھیک مانگنا قانون میں جرم نہیں ہے جو ایف آئی اے کے دائرہ اختیار میں ہو، مسئلے کی حساسیت کے پیش نظر بھیک مانگنے کو مجرم قرار دینا ضروری ہے۔