بہادر جانبازوں کی شجاعت کے تہہ دل سے معترف ہیں:آئی جی پنجاب

لاہور:(کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر دہشت گردوں اور خطرناک کریمنلز کے خلاف غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

ڈاکٹر عثمان انور نے مختلف اضلاع کے 15 نڈر پولیس افسران و اہلکاروں کو آئی جی پی (Gallantry) بہادری میڈلز سے نوازا،آئی جی نے کہا گذشتہ ڈیڑھ سال میں 38 دلیر پولیس افسران اور جوانوں کو آئی جی پی گیلنٹری میڈلز دیئے جا چکے ہیں، فرض کی راہ میں جانوں کی پرواہ نہ کرنے والے بہادر جانبازوں کی شجاعت کے تہہ دل سے معترف ہیں، بین الصوبائی چیک پوسٹوں، کچہ ایریاز میں گولیوں کی بوچھاڑ کے سامنے سینہ سپر جوانوں کی ہمت اور بہادری ہماری اصل طاقت ہے، جرات و شجاعت کے پیکر پولیس اہلکاروں کے نام سی پی او کی مخصوص دیوار(Brave Hearts) پر کندہ کیے جا رہے ہیں۔

آئی جی پنجاب گیلنٹری میڈلز حاصل کرنے والوں میں سرگودھا اور راجن پور کے 2، قصور، بہاولپور، میانوالی، سی ٹی ڈی لاہور، راولپنڈی کے نڈر آفیسر، اور ایلیٹ پولیس کا ایک ایک اہلکار شامل ہے، ننکانہ صاحب، ڈی جی خان، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ اور پی سی فاروق آباد کا بھی ایک ایک اہلکار شامل ہے، راکٹ لانچر اور دستی بم سے شدید زخمی ہونےوالے سرگودھا پولیس کے کانسٹیبل عبدالستار کو آئی جی پی گیلنٹری میڈل ، انسپکٹر شاہد اقبال، ایس آئی فرخ شہزاد، ایس آئی ظہیر الدین اور ایس آئی سرفراز احمد کو گیلنٹری میڈل سے نوازا گیا۔