مذاکرات پر سوالیہ نشان؟،سپیکر قومی اسمبلی نے 28جنوری کواجلاس بلا لیا،پی ٹی آئی کا شرکت سے انکار

اسلام آباد :(بیورورپورٹ)مذاکرات پر سوالیہ نشان؟سپیکر نے 28جنوری کو اجلاس بلا لیا،پی ٹی آئی کا شرکت سے انکار،بات چیت کاچوتھا راﺅنڈ کمیشن سے مشروط کردیا،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس 28 جنوری کو پارلیمنٹ ہاوس کے کمیٹی روم نمبر 5 میں ان کیمرہ ہوگا۔

حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان عرفان صدیقی نے کہا پی ٹی آئی کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دےدی ابھی تک انکار کیا نہ ہی مذاکرات ختم کرنے سے تحریری آگاہ کیا گیاجب مذاکرات ایک طرف سے ختم ہوگئے تو حکومت کس سے بات کرے؟ بچوں کا کھیل نہیں اگر مگر سے نکلیں، طے ہوا تھا 28 تاریخ کو بیٹھیں گے تو آئیں بیٹھیں، موقف سنیں۔

عرفان صدیقی نے کہاجیل کا پھاٹک کھلتا اور کوئی صاحب اچانک مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کر دیتے ہیں، مذاکراتی کمیٹی کو بھی پتہ نہیں ہوتا،ایک دن کچھ کہتے ہیں، دوسرے دن کوئی بات کرتے ہیں۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے مذاکرات میں شرکت سے انکار کرتے ہوئے کہاپی ٹی آئی اب کسی اور مذاکراتی میٹنگ میں شریک نہیں ہوگی، کمیشن کے اعلان کےلئے 7 دن بھی بہت تھے، دوبارہ غور کر لیتے ہیں لیکن حکومت کمیشن کا اعلان کرے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہابانی پی ٹی آئی نے مذاکرات ہولڈ کیے ،کھلے دل کےساتھ بات چیت میں بیٹھے،صرف 2 مطالبات رکھے ،7 دن کافی تھے کمیشن کےلئے لیکن کوئی پیشرفت نہیں،بات چیت کو فوٹو سیشن سے آگے بڑھانا چاہتے تھے، بانی عمران خان کی ہدایت کے مطابق اب کسی اور مذاکراتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے، 2 کمیشن بنانے ضروری ہیں، حامد رضا کے گھر پر حملہ ہوا، بانی سے ملنے نہیں دیا گیا، بانی نے کہا نیوٹرل امپائر ہونا چاہیے،حکومت کمیشن بنانے کا اعلان کردیتی تو مذاکرات میں بیٹھنے میں کوئی حرج نہیں۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن اجلاس بلائیں اور خود ہی چائے پی لیں،حکومت کے ہاتھ میں کچھ بھی نہیں، کہتے ہیں مجبوریاں ہیں،کہا تھا مذاکرات کو سنجیدہ لیں، سب نقصان حکومت کو ہوگا،پیکا ایکٹ زبانیں بند کرنے کا کالا قانون ہے، تمام صحافتی تنظیمیں متفق ہیں پیکا ایکٹ منظور نہیں، متحد ہوکر آگے بڑھیں اپوزیشن ساتھ دے گی،فارم 47 کی حکومت بھی پیکا قوانین کا نشانہ بنے گی،26ویںترمیم کے بعد عدلیہ کو کمزور کیا گیا۔

عمرایوب نے کہا معیشت ڈوب چکی، انٹرنیٹ بند کردیا گیا ، وزیراعظم کہتا ہے ڈیجیٹل پاکستان بنائیں گے، تم شارک مچھلی کو کنٹرول نہیں کرسکتے، حکومت ہوش کے ناخن لے ،9 مئی ، 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر مذاکرات ختم کیے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا اگر حکومت خلوص دکھانا چاہتی ہے تو 31 جنوری کی بجائے ابھی دکھائے،31جنوری میں بھی کوئی دیر نہیں لیکن بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات ختم کرنے کا فیصلہ کیا،سادہ سی درخواست تھی کمیشن بنائیں 9 مئی کو کیا ہوا؟۔

شوکت یوسفزئی نے کہامذاکرات ختم کرنے کی ذمے دار خود حکومت اور حکمرانوں کا غیر سنجیدہ رویہ ہے،پی ٹی آئی نے مذاکرات خوف ، دباو اورکسی کے کہنے پر نہیں بلکہ ملک کی خاطر کیے تھے،بدقسمتی سے حکومت نے مذاکرات کو گڈا گڈی کا کھیل سمجھا، حکومت جوڈیشل کمیشن بنانے کا اعلان کر دے مذاکرات دوبارہ شروع ہو جائیں گے۔